پجارا اور اشون کی مدد سے ٹیم انڈیا نے ہارا ہوا میچ 75رنز سے جیت لیا

بنگلور: دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ہی نوشتہ دیوار ہوجانے والی ٹیم انڈیا کی شکست کو چوتھے روز کے پہلے سیشن میں مڈل آرڈر بلے باز چتیشور پجارا نے90رنز کی شاندار اننگز اور دوسرے اور تیسرے سیشن کے آغاز میں تباہ کن اسپن بولر روی چندر اشون نے6وکٹ سے کھرچ کر فتح میں تبدیل کر دیا۔اگرچہ مہمان اٹیم آسٹریلیا کو 188کا معمولی ہدف ملا تھا لیکن ہر قسم کے بولروں کے لیے ساز گار پچ پر امیش یادو اور ایشانت شرما کی آگ اگلتی گیندوں اور اشون کی زبردست ٹرن لیتی گیندوں نے ایسا قہر برپا کیا کہ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 35.4اووروں میں ہی محض112رنز پر آؤٹ ہو گئی۔آسٹریلیا اننگز کو پہلا جھٹکا اننگز کے پانچویں اوور میں ہی ایشانت شرما نے خطرناک بلے باز رینشا کو وکٹ کیپر ساہا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکے دیا۔رینشا صرف5رنز ہی بنا سکے۔
آسٹریلیا ابھی اس جھٹکے سے سنبھلا بھی نہیں تھا کہ اشون نے ایک اور خطرناک بلے باز ڈیوڈ وارنر کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔انہون نے 25بالوں پر ایک چوکے کی مدد سے 17رنز بنائے۔فاسٹ بولر امیش یادو نے شان مارش کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ایک اور جھٹکا دیا اور ابھی اس تیسرے جھٹکے کی بازگشت تھمی بھی نہیں تھی اور ٹیم ٹارگٹ سے میلوں دور تھی کہ امیش یادو نے پنے میں میچ وننگ اننگز کھیلنے والے ایک اور خطرناک بلے باز و کپتان اسٹیواسمتھ کو پویلین کی راہ دکھا کر ہندوستان کو اس طرح فتح کی پٹری پر ڈالا کہ پھر کوئی آسٹریلیائی بلے باز ہندوستانی بولروں پر حاوی ہو کر آسٹریلیا کو میچ میں واپس نہ لا سکا۔اسمتھ48گیندوں پر3چوکوں کی مدد سے 28رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اشون اور جڈیجہ ایسی خطرناک اور کفایتی بولنگ کر رہے تھے کہ آسٹریلیا کے چھ بلے باز دہائی کے ہندسہ میں پہنچے بغیر گھٹنے ٹیک آئے۔
ہینڈزکوب نے 67گیندوں کی بڑی صبر آزما اننگز کھیلی اورصرف دو چوکوں کی مدد سے24رنز بنائے۔دہائی کے ہندسہ میں پہنچنے والے چوتھے بلے باز مچل مارش تھے جنہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 13رنز بنائے۔چار روز میں ختم ہوجانے والے اس میچ میں اشون نے 8اور رویندر جڈیجہ نے7وکٹ لیے۔جبکہ امیش یادو کی میچ میں تین اور ایشانت شرما کو دو وکٹ ملے۔ہندوستان کی پہلی اننگز میں90رنز بنا نے والے افتتاحی بلے باز لوکیش راہل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل ہندوستان نے پیر کی اپنی ناتمام اننگز 4وکٹ پر213رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا اور رہانے و پجارا اسکور کوجدا ہوئے بغیر 235تک لے گئے ۔ لیکن اس دوران نئی گیند لے کر آسٹریلیائی فاسٹ بولروں نے تسلسل سے146تا152کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے بولنگ کر ہندوستانی بیٹنگ صف میں خوف و ہراس دوڑا دیا۔رہانے کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹوںکی جھڑی لگ گئی اور بلے باز صرف حاضری لگانے آتے رہے۔
اور محض39رنز کے اضافہ سے اس کے باقی پانچ کھلاڑی بھی آؤٹ ہو گئے۔لیکن اس وقت تک پجارا اور رہانے پانچویں وکٹ کے لیے 118رنز کی پارٹنر شپ کر کے ہندوستان کو میچ وننگ اسکور کی جانب لے جا چکے تھے۔پجارا نے 221گیندوں پر 7چوکوں کے ساتھ92اور اجنکیا رہانے نے 134گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے52رنزبنائے۔ چوتھے روز کے ایک اور کامیاب بلے باز ردھیمان ساہا رہے جنہوں نے 20رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے فاسٹ بولر ہیزل ووڈ 6وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے۔جبکہ اسٹارک اور اوکیف کا دو دو وکٹ ملے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ashwin pujara mould stunning fightback in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply