دہلی ڈیر ڈیولس نے پلے آف کھیلنے کے امکانات معدوم نہیں ہونے دیے

نئی دہلی:دہلی ڈیئر ڈیولس کیوی در آمد کوری اینڈرسن کے طوفانی بلے بازی کی بدولت گزشتہ چمپئن سن رائزرس حیدرآباد کو منگل کو فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں چھ وکٹ سے شکست دے کر آئی پی ایل 10 کے پلے آف میں پہنچنے کی اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔ دہلی کے لئے یہ آر پار کا میچ تھا اور ہارنے کی صورت میں دہلی کی پلے آف کھیلنے کی امیدیں دم توڑجاتیں، لیکن اس کے بلے بازوں نے فیصلہ کن موڑ پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو شاندار فتح دلا دی۔
دہلی کی 9 میچوں میں یہ تیسری جیت ہے اور وہ چھ پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گئی ہے۔ دوسری طرف حیدرآباد کی 11 میچوں میں یہ چوتھی شکست ہے اور وہ 13 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر برقرار ہے۔ دہلیکو اس اہم مقابلے میں اپنے سینئر بلے بازوں سے اچھی کارکردگی کی توقع تھی اور کسی بھی بلے باز نے مایوس نہیں کیا۔ تعریف کرنی ہوگی کوری اینڈرسن کی جنہوں نے 24 گیندوں میں دو چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 41 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔ اینڈرسن نے کرس مورس کے ساتھ پانچویں وکٹ کی غیر مفتوح شراکت میں میچ وننگ 41 رن بنائے ۔ اوپنر سنجو سیمسن نے 19 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رن، کپتان کرون نائر نے 20 گیندوں میں پانچ چوکے اور دو چھکوں کے ساتھ 39 ، رشبھ پنت نے 20 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کے سہارے 34 رن اور شریس ایئر نے 25 گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکے کی مدد سے 33 رن بنا کر دہلی کو فتح کی راہ پر ڈال دیا۔
باقی کسر کوری اینڈرسن نے ناٹ آؤٹ 41 رن بناکر پوری کردی۔ حیدرآباد کی جانب سے محمد سراج نے 41 رن پر دو وکٹ لئے جبکہ بھونیشور کمار اور سدھارتھ کول کو ایک ایک وکٹ ملا۔ دہلی کے گیند بازوں خاص طور پر آف اسپنر جینت یادو، لیگ اسپنر امت مشرا اور تیز گیندباز محمد شامی نے درمیانی اوورز میں حیدرآباد پر جو گرفت بنائی تھی اس پر آخری پانچ اووروں میں پانی پھِر گیا۔ 15 اوور تک حیدرآباد کا اسکور تین وکٹ پر 114 رنز تھا، لیکن آخری پانچ اووروں میں 71 رن بن گئے۔ جنوبی افریقہ کے کیگیسو ربادا انتہائی مہنگے ثابت ہوئے اور انہوں نے چار اووروں میں 59 رنز دے دیے۔ ربادا کی اننگز کے 18 ویں اوور میں 20 رن اور 20 ویں اوور میں 19 رنز پڑے جس نے حیدرآباد کو ایک معقول اسکور تک پہنچا دیا۔ دہلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان ڈیوڈ وارنر (30) اور شکھر دھون (28) نے پہلے وکٹ کے لئے 5.2 اوور میں 53 رن جوڑ کر ٹیم کو اچھا آغاز دیا۔
شامی نے وارنر کو بولڈ کر دہلی کو پہلی کامیابی دلائی۔ وارنر نے 21 گیندوں کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شکھر 17 گیندوں میں چار چوکے اور ایک چھکا لگانے کے بعد لیگ اسپنر مشرا کا شکار بنے۔ کین ولیم نے 24 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنائے۔ حیدرآباد نے چھ اوور کے پاورپلے میں 66 رن جوڑے، لیکن اگلے نو اوور میں صرف 48 رنز ہی بن پائے۔اس دوران مشرا، جینت یادو اور شامی نے کافی نپی تلی گیند بازی کی لیکن آخری پانچ اووروں میں دہلی کی گرفت کچھ کمزور ہو گئی جس کا یوراج نے خاص طور پر فائدہ اٹھایا۔ دہلی کی جانب سے شامی نے 36 رن پر دو وکٹ اور مشرا نے 23 رن پر ایک وکٹ لیا جبکہ جینت نے چار اوور میں 26 رن اور مورس نے چار اوور میں 36 رن دیئے۔ شامی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Anderson cameo seals 186 chase in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply