شاہد آفریدی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63رنز سے ہرا دیا

دوبئی : ڈھلتی عمر کے باوجود آل راؤنڈرشاہد آفریدی نے مسمرائز کردینے والی اپنی لیگ بریک گگلی بولنگ سے اپنی ٹیم کراچی کنگز کو ملتان سلطانز پر 63رنز سے شاندار فتح دلا دی۔
دوبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سوپر لیگ کے22ویں میچ میں ملتان سلطانز کراچی کنگز کے 189رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 19.4اوور میں محض125رنز پر سمٹ گئی۔ اگرچہ ملتان سلطانز نے اننگز کا بڑا طوفانی آغاز کیا اور10رنز فی اوور کی اوسط سے محض5اووروں میں50رنز بنا کر کراچی کنگز کے خیمے میں کھلبلی مچا دی لیکن 8ویں اوور میں شاہد آفریدی اٹیک پر آگئے اور اپنے اسپیل کے پہلے تین اووروں میں ہی تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر ملتان سلطانز کے ہوش اڑا دیے۔
کیونکہ آفریدی نے جن کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا ان میں کیرن پولارڈ اور شعیب ملک جیسے میچ جتانے کی صلاحیتیں رکھنے والے بلے باز بھی تھے۔یہ تین وکٹ گرنے کے بعد پھر ملتان سلطانز کی ٹیم میچ میں واپس نہ آسکی اور125پر ڈھیر ہوگئی۔ آل راؤنڈر سہیل تنویر 29گیندوں پر ایک چوکا اور چار چھکوں کی مدد سے 34رمنز بنا کر نمایاں رہے۔
کراچی کی جانب سے شاہد آفریدی کے علاوہ محمد عرفان جونیر نے دو وکٹ لیے جبکہ عماد وسیم، محمد عامر اور عثمان خان نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل کراچی کنگز نے جان ڈینلی اور بابر اعظم کی ہاف سنچریوں اور کولن انگرام کی 8بالوں پر چار چھکوں کی مدد سے29رنز کی طوفانی اننگز کی بدولت مقررہ20اووروں میں3وکٹ پر188رنز بنائے۔ڈینلی نے دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 55گیندوں پر 78اور بابر نے 39گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ58رنز بنائے۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Afridi set up convincing 63 runs win against sultans in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News

Leave a Reply