ویسٹ انڈیز اور کرس گیل خوشگوار یادوں کے ساتھ اور افغانستان تہی دست ورلڈ کپ سے روانہ

لیڈز: رحمت شاہ اور کمسن وکٹ کیپر بلے باز اکرام علی خیل کی عمدہ ہاف سنچریوں کی باوجود افغانستان ویسٹ انڈیز کو فتح کی خوشیوںکے ساتھ وطن واپسی اور کرس گیل کو خوشگوار یادوں کے ساتھ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کو الوداع کہنے سے نہ روک سکا۔اور منزل کے قریب پہنچ کر حوصلہ ہار بیٹھا اور 23رنز سے ہار گیا۔

واحد جیت اور کم از کم دو پوائنٹس کے ساتھ وطن واپسی کی کوشش میں312رنز کا پیچھا کرتے ہوئے اگرچہ افغان کھلاڑیوں خاص طور پر رحمت شاہ، اکرام، اصغر خان، نجیب اللہ زدران اور ڈیتھ اووروں میں سید شیرزاد نے حتی الامکان کوشش کی لیکن قسمت نے ساتھ نہیںدیا ۔اور پوری ٹیم ٹھیک 50اووروں میں 288رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔اکرام نے 93گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے 86، رحمت شاہ نے 78گیندوں پر 10چوکوں کے ساتھ62،اصغر افغان نے 32گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے40 اور نجیب زدران نے 38بالوں پر ایک چوکے اورایک چھکے کے ساتھ31رنز بنائے۔

شیر زاد نے 17گیندوں پر25رنز بنائے اور غیر مفتوح رہے۔ انہوںنے دو چوکے اور اتنے ہی چھکے لگائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے برتھ ویٹ نے 4وکٹ لیے جبکہ کیمر روچ نے تین اور تھامس نے ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ50اووروں میں6وکٹ پر 311رنز بنائے۔کرس گیل کے لیے یہ آخری ورلڈ کپ میچ ٹیم کی جیت سے جس طرح خوشگوار یادوں کا باعث بنا انفرادی طور پر ان کے لیے نہایت تکلیف دہ بھی رہا کہ وہ 18گیندوں پر پر محض 7رنز ہی بنا سکے اور صرف ایک ہی چوکا لگا سکے۔

ہاں البتہ اپنے آخری ورلڈ کپ میچ کو بھی ورلڈ کپ ڈیبو میچ کی طرح اس لحاظ سے انہوں نے ضرور یادگار بنالیا کہ کارل ہوپر کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے 2003کے ورلڈ کپ میںمیزبان جنوبی افریقہ کو جب 3رن سے ہرا کر میچ جیتا تو گیل اس ٹیم کا بھی حصہ تھے اور وہ ان کا پہلا ورلڈ کپ میچ تھا۔ اس ڈیبو ورلڈ کپ میچ میں بھی گیل بلے بازکے طور پر ناکام رہے تھے اور صرف2رنز ہی بنا سکے تھے۔ البتہ انہوں نے جس طرح دو وکٹ لے کر ورلڈ کپ ڈیبو کیا تھا اسی طرح آخری ورلڈ کپ میچ میں بھی وہ وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

لوئس نے 78گیندوں پر 6چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے58، وکٹ کیپر شائی ہوپ نے 92گیندوں پر 6 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 77، نکولس پورن نے43گیندوں پر 6چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58اور کپتان جیسن ہولڈر نے 34گیندوں پر ایک چوکے اور چار چھکوں کے ساتھ45رنز بنائے۔افغانستان کی طرف سے دولت زادران 2وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے جبکہ شیر زاد، محمد نبی اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔شائی ہوپ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Read all Latest sports news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from sports and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Afghanistan finish on zero as west indies chris gayle sign off with win in Urdu | In Category: کھیل Sports Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.