پی ایس ایل وی سی 37 چھوڑنے کے لیے28گھنٹے کی الٹی گنتی شروع

حیدرآباد:ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اِسرو) ایک اور تاریخ بنانے اور خلائی تحقیق کے شعبہ میں ایک اور سنگ میل عبور کرنے کے لئے تیار ہے کیونکہ اس کے پی ایس ایل وی سی 37راکٹ کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے۔منگل کی صبح5بجکر28منٹ پر اس کی الٹی گنتی کا آغاز ہوا جو28گھنٹے تک جاری رہے گی۔اس طرح اسرو 15 فروری کو واحد مشن میں د±نیا کے سب سے زیادہ 104 سیٹلائیٹس کو چھوڑنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔ 104 سیٹلائیٹس اِسرو کی لانچ وہیکل پی ایس ایل وی سی۔37 میں رکھے گئے ہیں جسے 15 فروری کو صبح 9 بج کر 28 منٹ پر آندھرا پردیش کے ضلع نیلور میں واقع سری ہری کوٹہ کے ستیش دھون خلائی مرکز سے چھوڑا جائے گا۔
پی ایس ایل وی میں ہندوستان کے کارٹو سیٹ 2 سیریز والی سیٹلائیٹ بھی شامل ہے جن کا وزن 714 کیلو گرام ہے۔ زمین کے تجزیہ کے لئے اسے چھوڑا جارہا ہے جہاں سے یہ زمین کی معیاری ہائی ریزولوشین تصاویر بھیجے گا۔ اس میں 103 سیٹلائیٹس بھی ہیں جن کا وزن 664 کیلو گرام ہے۔ انھیں مدار میں چھوڑا جائے گا۔ کارٹو سیٹ 2 سیریز کے سیٹلائیٹس کے علاوہ دیگر 2 نانو سیٹلائیٹس جن کا تعلق ہندوستان سے ہے، کے ساتھ ساتھ بیرونی ممالک کے 101 نانو سیٹلائیٹس کو بھی چھوڑا جائے گا۔ ان میں امریکہ کے 96، اسرائیل، قزاقستان، نیدرلینڈ، سوئزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کا ایک ایک سیٹلائیٹ شامل ہے۔

Title: pslv c37 launch countdown begins | In Category: سائنس  ( science )
Tags:

Leave a Reply