بطور اداکارہ کردار کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہوں: وینا ملک

بطور اداکارہ کردار کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہوں: وینا ملک
نئی دہلی: اداکارہ وینا ملک نے، جنہوں نے حال ہی میں پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی حکومت کی جانب سے اسکول و کالج کی طالبات کے لیے پردے کو لازمی قرار دینے کی حمایت کی تھی اب مزیدکہا کہ شوبز میں بھی خواتین کے لیے کم سے کم دوپٹہ پہننے کو لازمی قرار دیا جائے۔

اپنے بولڈ بیانات اور کرداروں کی وجہ سے شہرت رکھنے والی پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے جہاں شوبز میں دوپٹہ پہننے کو لازمی قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے، وہیں وینا ملک نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اداکاری کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتی ہیں اور وہ کردار کے لیے ہر وہ لباس پہننے کو تیار ہوں گی جو ان کے کردار کے لیے موزوں ہو۔

وینا ملک کے مطابق اگر انہیں کسی کردار کی پیش کش ہوئی اور وہ کردار انہیں پسند آگیا تو وہ اس کردار کو نبھانے کے لیے کسی حد تک جا سکتی ہیں اور اس کردار کے مطابق ہر طرح کا لباس بھی پہنیں گی۔

حال ہی میں دیئے اپنے ایک انٹرویو میں وینا ملک نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے طالبات کے لیے پردے کو لازمی قرار دینے والے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ انہوں نے طالبات کو زبردستی پردہ کروانے کی حمایت نہیں کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف یہ کہا تھا کہ طالبات کو چادر اوڑھنی چاہئے۔ساتھ ہی اداکارہ نے کہا کہ وہ تو یہ بھی مطالبہ کرتی ہیں کہ حکومت شوبز کی خواتین کے لیے دوپٹہ پہننے کو لازمی قرار دے۔

واضح رہے کہ وینا ملک ماضی میں ہندوستانی و پاکستانی فلموں سمیت ڈراموں میں بھی اداکاری دکھا چکی ہیں جب کہ انہوں نے اپنے پہلے میوزک البم میں بھی انتہائی بولڈ پرفارمنس دکھائی تھی۔وینا ملک نے 2010 میں انڈیا کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں بھی شرکت کی تھی، جس کے بعد انہوں نے بالی وڈ کی کچھ فلموں میں بھی کام کیا۔
(تصویریں انسٹا گرام )