امریکہ سے ہندوستان کو اسلحہ کی فروخت خطہ کو غیر مستحکم کر رہی ہے: پاکستان

اسلام آباد: پاکستان نے انتباہ دیا ہے کہ امریکہ کی ہندوستان کوجدید ترین دفاعی تکنالوجی اور اسلحہ کی فروخت سے ہندوستان کے جارحانہ فوجی نظریہ کو مزید تقویت اور اس کی ممکنہ فوجی کارروائیوں کو حوصلہ مل رہا ہے۔
خارجہ ترجمان نفیس ذکریا نے ہفتہ روزہ بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے خطے میں امن و امان کے قیام میں کبھی سنجیدگی ظاہر نہیں کی ہے اور اس وقت تمام تر مسائل پر مذاکرات اور بات چیت کو روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ اور ہندوستان کے درمیان ہتھیاروں کی خرید و فروخت خطے کو غیر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ افغانستان سے دہشت گردی کے خاتمے اور استحکام کے لئے کی جانے والی تمام کوششوں کی پاکستان حمایت کرتا ہے اور پاکستان بھی اس حوالے سے اہم اقدامات کر رہا ہے جس سے افغانستان میں امن و امان کے قیام میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان پر الزام تراشی کے ذریعے افغانستان میں استحکام ممکن نہیں ہے جبکہ اس بات کا اعتراف چین، ایران اور ترکی نے بھی کیا ہے۔وزیر خارجہ خواجہ آصف کے حالیہ دورہ جات پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران، چین اور ترکی نے پاکستان کے موقف کو سراہا ہے جبکہ ان دوروں میں تمام ممالک کے ساتھ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کے اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Us defence sales to india destabilising region fo in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply