مسلم لیگ نواز اپنی حکومت کی زندگی بڑھانے کے لیے سیاست دانوں کو خرید لیتی ہے:عمران خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر کرپشن مافیا کی کفالت کرنے والوں کو نااہل قرار دلوانے کے لیے اپنی سیاست کو بھی قربان کرنا پڑا تو کر دوں گا لیکن میں چاہتا ہوں کہ پاکستانی عوام کو ان سے نجات دلاوں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ میں آگ سے کھیل رہا ہوں اور نااہل قرار دے دیا جاؤں گا تو نواز شریف کو نااہل کرانے کے راستے میں میرا نااہل ہو جانا تو بہت حقیرقربانی ہے۔نون لیگ سیاستدانوں کو پیسے دیکر خرید لیتی ہے تاکہ اپنے اقتدار کو طول دیا جا سکے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا سپریم کورٹ میں اپنے خلاف دائر کئے گئے کیس کے بارے کہنا تھا کہ یہ کیس بے بنیاد ہے اور اس میں میرا نااہل ہو جانے کا کوئی امکان نہیں ہے، نواز شریف نے قومی اداروں کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ان سے عوام کو کوئی خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیئے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جو کوئی بھی اس ملک کی بہتری کے لیے کام کرے گا، میں اس کا احترام کروں گا لیکن کرپٹ سیاستدانوں کو نہیں چھوڑوں گا،حکمرانوں نے ملک کے ساتھ وہ حشر کیا ہے جو ایسٹ انڈیا کمپنی نے برصغیر کے ساتھ کیا تھا۔
انہوں نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان جیسا خوبصورت ملک کوئی نہیں ہے، میں لندن صرف اپنے بچوں کو ملنے کے لیے جاتا ہوں، ان لوگوں نے اس خوبصورت ملک کو اندھیروں کا ملک بنا دیا ہے اور عوام ہر وقت لوڈ شیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکلی ہوتی ہے۔واضح رہے کہ عمران خان ایک بڑے عرصے سے نون لیگ کی حکومت کے خلاف میدان میں نکلے ہوئے ہیں، جبکہ پنامہ گیٹکے بعد سے تو تحریک انصاف نے حکومت کا ناک میں دم کر رکھاہے ۔عمران خان نے کہا کہ وہ وہ20سال تک یو کے میں ٹیکس دہندہ رہے اور پابندی سے ٹیکس ادا کرتے رہے۔ اب پاکستان میں1981سے مقیم ہیں اور پابندی سے ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا اور انہیں کبھی انکم ٹیکس محکمہ سے کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔

Title: to be disqualified will be a small price to pay to get rid pak of corruption mafias godfather says imran khan | In Category: پاکستان  ( pakistan )

Leave a Reply