پشاور میں بارودی سرنگ دھماکے سمیت مختلف واقعات میں 3 سیکورٹی اہلکار ہلاک

پشاور:پاکستان کے پشاور اور مہمند ایجنسی میں 3الگ الگ واقعات میں 3 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ دہشت گردی کے ان واقعات میں بارودی سرنگ کے دھماکوں میں پولیس، خاصہ دار فورس اور بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) کے 3 اہلکار ہلاک ہوئے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ پشاور میں پاجاگی روڈ کے علاقے میں متھرا تھانے کی پولیس وین کے قریب ایک بم دھماکا ہوا۔
واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن پشاور عباس مجاہد مروت نے بتایا کہ پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی جب اسے دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا، جس کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی جبکہ بم دھماکے کے نتیجے میں ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا۔ واقعے میں زخمی ہونے والے راہ گیر کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کے سینئر افسر کا کہنا تھا کہ بم میں 3 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کیا تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی میں سیکورٹی اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں بی ڈی یو کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ بارودی سرنگ کا دوسرا دھماکہ مہمند ایجنسی کے علاقے چمر کنڈ میں ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاصہ دار فورس کا اہلکار ہلاک ہوگیا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Three security personnel killed in peshawar and mohmand in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply