پاکستان کی عوام نےفیصلہ کرلیا ہے جو ووٹ کو عزت نہ دے اس کی عزت نہیں کرینگے: سابق وزیر اعظم نواز شریف

کوٹ مومن:(ایجنسی)پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے خلاف فیصلے کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کے ووٹ کی توہین ہوئی ہے اور جو ووٹ کی عزت نہیں کرے گا اسے عزت نہیں دیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد بننے کے بعد پہلی بار کوٹ مومن میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے نکالنے والے لوگ مان رہے ہیں کہ نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی اور نہ ہی کسی سرکاری خزانے میں کوئی خورد برد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نامور وکلاءنے کہا ہے کہ نواز شریف کو ایک اقامے اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالنے کا فیصلہ درست نہیں ہے اور کسی نے اسے تسلیم نہیں کیا۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہاں تک کہ خود درخواست دائر کرنے والے عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ کمزور ہے تو پھر اس فیصلے کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خلاف پہلے کیس کے فیصلے سے کروڑوں لوگوں کے ووٹ کی توہین ہوئی ہے اور یہ کہاں کا انصاف ہے کہ کروڑوں لوگوں کا فیصلہ 5 لوگ پھاڑ کر پھینک دیں اور یہ کہیں کہ ہمیں کروڑوں لوگوں کے ووٹ کی اہمیت نہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم نے فیصلہ کرلیا ہے کہ جو ووٹ کو عزت نہیں دے گا اس کی بھی عزت نہیں کی جائے گی اور پاکستان اس آزمائش کی گھڑی سے باہر نکلے گا اور خوشحالی کی طرف واپس آئے گا۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے عوام سے جو وعدہ کرتا ہے وہ پورا کرتا ہے اور ہم نے لوڈ شیڈنگ، دہشتگردی کے خاتمے کا وعدہ پورا کردیا۔
انہوں نے کہا کہ جب میں وزیر اعظم تھا تو ملکی معشیت ترقی کر رہی تھی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھ رہی تھی لیکن اب پھر سے ملکی معیشت پر اثرات پڑ رہے ہیں اور ملک میں حالات خراب کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن عوام کو ان سازشوں سے مقابلہ کرنا ہوگا۔نواز شریف نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں (ن) لیگ کے عمدہ ساتھی ہیں اور ملک کے ایسے حالات میں ان کا کوئی قصور نہیں بلکہ قصور اس فیصلے کا ہے جو میرے خلاف آیا۔
انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے خلاف معاملہ دھاندلی کی طرف جارہا ہے اور ہمارے کارکنوں کو شیر کے بجائے پک اپ کے نشان دیے جارہے لیکن پاکستان کے عوام اس دھاندلی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ چند لوگ جو سلوک کر رہے ہیں ہم انہیں روکیں گے اور پاکستان کو دوبارہ ڈگر پر لائیں گے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مجھے بالکل آؤٹ کرنے کی سوچ رہے ہیں یہ لوگ مجھے باہر نکال رہے لیکن عوام مجھے واپس لارہے ہیں اور جو کچھ (ن) لیگ کے ساتھ ہورہا ہے اس کے خلاف لڑنا ہے اور یہ جنگ پاکستان کی سلامتی، قانون کی حکمرانی، ووٹ کے تقدس کی جنگ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سفر تھوڑا کٹھن ہے لیکن اسے برداشت کیا جائے کیونکہ یہی سفر پاکستان کو اصل منزل تک پہنچانے کے لیے ہے اور قوم کو اس میں میرا ساتھ دینا ہوگا۔

Title: those who dont respect vote wont be respected in return nawaz sharif | In Category: پاکستان  ( pakistan )

Leave a Reply