ہندوستان سے بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے1600 سکھ زائرین کا جتھہ پاکستان پہنچ گیا

اسلام آباد:بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے تقریبا ًسولہ سو سکھ یاتریوں کا گروپ سکھ گردوارا پربندک کمیٹی دہلی کے سینئر ممبر سردار بلوندر سنگھ اور سردار گروندر سنگھ کی قیادت میں ٹرین کے ذریعے پاکستان پہنچ گیا ہے۔ واگہہ ریلوے اسٹیشن پر چئیرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق اور پاکستان سکھ گردوارا پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چئیرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تمام مذاہب کو اپنی مذہبی رسومات آزادانہ طریقے سے انجام دینے کی آزادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے ہندوستان سے آئے ہوئے تمام سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔سکھ گردوارا بندک کمیٹی دہلی کے سینئر ممبر سردار بلوندر سنگھ نے حکومت کی جانب سے سکھوں کے مقدس مقامات کی حفاظت اور سکھ یاتریوں کی خدمت پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔سکھ بیساکھی کا تہوار ہر سال 13 یا 14 اپریل کو مناتے ہیں اور تہوار نہ صرف سکھ کیلینڈر کے مطابق نئے سال کے آغاز کا اعلان ہوتا ہے بلکہ یہ سکھوں کے مشہور روحانی رہنما گرو گوبند سنگھ کے قائم کردہ خالصہ سلسلے کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کا آغاز انھوں نے 1699 میں کیا تھا۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Sikh jatha arrives in pakistan to celebrate vaisakhi in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply