اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کوروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہنگامی اور سنجیدہ اقدام کیے جائیں۔انہوں نے اس پر زور دیا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی اداروں کے درمیان بہتر تال میل اور تعاون ہو ۔لندن سے جاری ایک بیان میں ،جسے یہاں پی ایم ایل این کے شعبہ نشر و اشاعت سے جاری کیا گیا، مسٹر شہباز نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اس نئے ہلاکت خیز کوروناوائرس کی طرف سے ایسی ہی بے توجہی برت رہی ہے جیسی اس نے ڈینگو اور پولیو کے تئیں برتی تھی ۔اور اس کا یہ رویہ نہایت خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کو اس جان لیوا کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کوئی مشترکہ حکمت عملی واضع کریں۔دریں اثنا سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے چیرمین و سابق وزیر داخلہ و پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن پارلیماں رحمان ملک نے ایک نوٹس کے توسط سے ہدایت جاری کی کہ کورونا وائرس کے زبردست خطرے اوراس سے نمٹنے کے لیے ا حتیاطی تدابیر کی مفصل رپورٹ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کی جائے۔ مسٹر ملک نے یہ بھی معلوم کیا کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ہوائی اڈوں ، بندرگاہوں اور ملک میں داخلے کے دیگر تمام ناکوں اور راستوں کے حوالے سے کیا حکمت عملی بنائی گئی ہے اور بیرون پاکستان سے آنے والے مسافروں کی طبی جانچ سے متعلق کیا طبی اقدامات کیے گئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *