نواز شریف کا لاہور میں عدیم المثال استقبال کرنے کی تیاریاں زور شور سے شروع

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان سے پناما گیٹ کیس میں نااہل قرار دیے جانے کے بعد وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہو جانے کے باوجود میاں محمد نواز شریف کی طاقت، اختیارات اور حکومتی معاملات میں عمل دخل میں رتی بھر کمی نہیں آئی ہے نیز سیاں بھئے کوتوال اب ڈرکاہے کا کے مصداق خاقان کی کابینہ میں انہوں نے اپنی پسند کے وزیروں کو شامل کرایا ہے ۔کیونکہ عبوری وزیر اعظم انہی کی پارٹی کا ایک ادنیٰ کارکن ہے جو ان کے احکام کو بجا لانے کا پابند ہے اور عنقریب باقاعدہ وزیر اعظم مقرر کیے جانے والا ان کا چھوٹا بھائی ہے ۔
اسی نے میاں جی کو اتنی طاقت دے دی کہ عبوری وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو اپنی کابینہ تشکیل دینے کے لیے انہی سے مشاورت کرنا پڑی اور ان کی پسند ناپسند کا خاص خیال رکھا گیا۔اب ان کی طاقت و مقبولیت کا مظاہرہ کرنے کے لئے میاں محمد شہباز شریف نے ان کی لاہور آمد پر بے نظیر استقبال کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔اس ضمن میں لاہور سے موصول اطلاع کے مطابق نواز شریف کی مری سے لاہو رآمد پر ان کے بھر پور استقبال کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔
مسلم لیگ نون نے فیصلہ کیا ہے کہ نواز شریف کی لاہور آمد پر عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے حمزہ شہباز کو استقبالی کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مری میں ہونے والے ایک اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم مری سے ایک بڑے قافلے کے ساتھ براستہ موٹروے لاہور پہنچیں گے۔ راستے میں ہر انٹر چینج پر عوام کی کثیر تعداد استقبال کرے گی۔ پھر لاہور میں بڑی سطح پر عوام پر جوش استقبال کرے گی۔ لاہور میں استقبال کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ حمزہ شہباز ہونگے جبکہ راولپنڈی ڈویژن میں استقبال کی ذمہ داری وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو سونپی گئی ہے۔
اجلاس میں طے کیا گیا ہے کہ میاں محمد نواز شریف بابو صابو انٹر چینج سے داتا دربار تک جلوس کی صورت میں جائیں گے اور داتا دربار پر پہنچ کر عوام سے خطاب کریں گے۔ دوسری جانب بعض رہنماؤں کی جانب سے یہ بھی مشورہ دیا جا رہا ہے کہ سابق وزیر اعظم براستہ جی ٹی روڈ سفر کریں تاکہ جگہ جگہ بھر پور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جاسکے۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Shabaz sharif busy in preparing historic welcome for deposed pm in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply