پاکستانی سپریم کورٹ میں نواز فیملی کے خلاف کیس کی سماعت مکمل ،فیصلہ محفوظ

اسلام آباد:پاکستانی سپریم کورٹ نے پنامہ گیٹ کیس کے حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کے خاندان کے بیرون ملک اثاثہ جات کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی حتمی رپورٹ پر آج پانچویں روز بھی سماعت کرتے ہوئے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا، جس کے اعلان کی تاریخ بعد میں بتائی جائے گی۔ پاکستانی وزیر اعظم کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز کے وکیل سلمان اکرم راجہ نےجسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی والی سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے سامنے اپنے دلائل میں کہاکہ کل عدالت کے ریمارکس میں بادی النظرمیں جعلسازی نظر آنے والی جو بات کہی تھی اس کی وضاحت یہ ہے کہ وہ صرف کلیریکل غلطی تھی اور کسی بھی صورت میں جعلی دستاویز دینے کی نیت نہیں تھی اور ماہرین نے غلطی والی دستاویزات کا جائزہ لیا۔
روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاق کا موقف ہے کہ عدالت نے پانچ ماہ کیس سنا اور ہر فریق کو مناسب موقع دیا گیا، جبکہ تحقیقات میں نیا ریکارڈ بھی سامنے آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کے اخذکردہ نتائج کو تسلیم کر لینا عدالت پر لازم نہیں، مجھے یقین ہے کہ عدالت فریقین کے حقوق کا خیال رکھے گی۔جس پر عدالت عظمیٰ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو آج ہی اپنا تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت شفافیت اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے گی۔ اخبار کے مطابق سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے جواب الجواب میں کہا کہ ثابت ہوگیا کہ وزیراعظم صادق اور امین نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایف زیڈ ای کمپنی کو وزیراعظم نے ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی اس کا چیئرمین ہونا اور تنخواہ وصولی ظاہر کی گئی ۔ جماعت اسلامی کے وکیل نے بھی اپنے دلائل پیش کیے جس کے بعد عدالت عظمیٰ نے سماعت مکمل کرنے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے ۔اور اسے سنانے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Sc concludes hearings reserves judgment in panamagate case in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply