اسلامی فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کے خلاف پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ میں قرار داد داخل کر دی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سعودی قیادت والے 41ملکی فوجی اتحاد میں شمولیت اور ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف کے بطور سپہ سالار تقرر کےے جانے کے حوالے سے کیے گئے فیصلے کے خلاف ایک قرار داد قومی اسمبلی سکریٹریٹ میں جمع کرادی۔ اس قرار داد میں اس معاملہ پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عارف علوی، شیریں مزاری اور اسد عمر کے توسط سے تحریک انصاف کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں حکومت کی جانب سے سعودی عسکری اتحاد میں پاکستان کی شمولیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔تحریک انصاف کی قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ماضی میں دوسروں کی جنگ کا حصہ بن کے بہت نقصان اٹھایا ہے جبکہ ماضی کی غلطیوں کا خمیازہ اب تک پاکستانی عوام بھگت رہی ہے۔
ماضی کی پالیسی سے یہ بات واضح ہے کہ دوسروں کی جنگ کا حصہ بننا قومی مفاد کے خلاف ہے۔تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سعودی عرب اور یمن کے درمیان جاری جنگ میں پاکستان کے غیر جانبدار رہنے کی پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت کو اس پر پابند رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 40 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست پاکستان کو بین الاقوامی تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔پی ٹی آئی کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ سعودی عسکری اتحاد میں شمولیت کے اسباب و اثرات سے لا علم ہے لہذا اس معاملے پر قومی اتفاق رائے کے لئے جلد از جلد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pti submits resolution against saudi military alliance in parliament in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply