اگر پاکستان میں فوجی بغاوت ہوتی تو عوام مزاحمت کے بجائے پذیرائی کرتے: عمران خان

میرپور(پاکستان): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ترکی کی ناکام فوجی بغاوت کے پس منظر میں کہا ہے کہ اگر پاکستان میں فوج اقتدار سنبھال لیتی تو عوام جشن مناتے اور خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کرتے۔
پاکستانی اخبار ڈان کے مطابق عمران خان نے ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک میں جمہوریت خطرے میں ہے اور اگر فوج ملک کی باگ ڈور سنبھال لیتی تو یہاں لوگ جشن مناتے۔ انہوں نے ترکی میں حالیہ ناکام فوجی بغاوت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان کے دور حکومت میں ملک میں خوشحالی آئی اور اسی لیے عوام خدمت کرنے والی حکومت کے ساتھ کھڑے ہوئے۔لیکن نواز شریف نے پاکستان کو گذشتہ 3 سال میں 6 ہزار ارب روپے کا مقروض کردیا ہے اور عوام کے نام پرقرضہ لے کرآف شور کمپنیاں قائم کی جاتی رہی ہیں۔
عمران خان نے الزام لگایا کہ نواز شریف پاکستان میں شاہانہ زندگی گزار رہے ہیں اور صرف رائیونڈ کی سیکیوٹی کیلئے تعینات 1200 سے زائد پولیس والوں پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے چےئرمین عمران خان نے ترکی کی عوام کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترک عوام جمہوریت کو بچانے کے لیے سڑکوں پر نکلی اور ان کی طرح پاکستانی عوام کو بھی جمہوریت کو بچانا ہوگا۔ رجب طیب اردگان کی پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کی حکمت عملی سے ترکی کی کرنسی کی قیمت میں اضافہ ہوا، اردگان نے تعلیم پر5 گنا زیادہ پیسہ خرچ کیا، جس کی وجہ سے آج عوام ان کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ترکی میں فوج کے باغی گروپ کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش اس وقت ناکام بنادی گئی تھی جب صدر رجب طیب اردگان کی اپیل پر عوام سڑکوں پر نکل آئے تھے۔عوامی طاقت کے سامنے بے بس فوجیوں نے مختلف مقامات پر ہتھیار ڈالے تھے جنہیں بعد ازاں پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ ترکی کے لوگوں کی طرح پاکستانیوں کو بھی اپنی جمہوریت بچانا ہوگی۔ہمارے ملک میں جمہوریت کو فوج سے نہیں نوازشریف کی ڈکٹیٹرشپ سے خطرہ ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ پاکستان میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم کی جارہی ہے۔پنجاب میں رنجیت سنگھ کے بعد نواز شریف نے سب سے زیادہ عرصے تک حکومت کی ہے۔ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ ہر فورم پر کشمیر کیلئے آوازبلند کریں گے، اس موقع پر انھوں نے نواز شریف پر الزام بھی عائد کیا کہ نواز شریف کو اپنے بزنس کی فکر ہے کشمیریوں کی نہیں۔ (یواین آئی)

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: People of pakistan will celebrate if army takes over says imran in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply