پاکستان میں ایک فالودہ فروش کے بینک کھاتے میں راتوں رات کسی نے سوادو ارب روپے منتقل کر دیے

علامتی /تصویر سوشل میڈیا
کراچی: پاکستان میں گلیوں میں پھیری لگانے والے ایک غریب نوجوان کو اس وقت زبردست دھچکا لگا جب اسے اس کا علم ہوا کہ اس کے بینک کھاتے میں سوادو ارب روپے کی ایک کثیر رقم منتقل ہو گئی ہے۔
ریڑھی پر فالودہ بیچنے والا یہ غریب شخص اب تحقیقاتی ایجنسیوں کی زد میںآگیا ہے۔ دریں اثنا ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فالودے والے کے کھاتے میں اتنی کثیر رقم کی منتقلی اربوں روپے کے اس منی لانڈرنگ گھپلے سے منسلک ہے جس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور ملوث ہیں۔
عبد القادر نام کے اس فالودے والے کو اپنے کھاتے میں اتنی کثیر رقم کی منتقلی کا اس وقت پتہ لگا جب اسے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کا ایک نوٹس موصول ہوا۔ ”میرے بھائی نے مجھے بتایا کہ تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اس کے نام یہ نوٹس بھیج کر اسے طلب کیا ہے۔
اس نے کہا کہ میں دنیا کا بدقسمت ترین شخص ہوں ۔وہ کہتے ہیں کہ میرے کھاتے مین اربوں روپے ہیں ۔لیکن ستم ظریفی دیکھیے کہ میں اس میں سے اتنی رقم بھی نہیں نکال سکتا کہ اپنا طرز زندگی بہتر کر سکوں۔