اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے جہاں ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے ان کا استقبال کیا۔

پاکستان کے خارجہ دفتر سے جاری بیان کے مطابق محمود قریشی نے خلیجی خطہ میں برھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور حالات معمول پر لانے اور علاقائی امن و استحکام یقینی بنانے کے لیے سفارت کاری کے ذریعہ تنازعات کے پر امن حل پر زور دیا۔

انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب کو یہ بھی بتایا کہ انہوں نے خطہ کے دیگر وزراءخارجہ سے بھی رابطہ کیا ہے۔اور کہا کہ کوئی بھی ٹکراؤ افغان امن عمل کو، جو کہ اہم مرحلہ میں داخل ہو گئے ہیں، متاثر کر سکتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ ہفتہ کہا تھاکہ انہوںنے قریشی کو ہدایت کی ہے کہ ایران ،سعودی عرب اور امریکہ جائیں اور انہیں پاکستان کا پیغام دیں کہ وہ خطہ میں امن کے لیے ایک تعمیری کردار ادا کرنے کا متمنی ہے۔

اس امن مشن کے پہلے مرحلہ میں قریشی نے اتوار کے روزتہران میں ایران کے صدر حسن روحانی اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی اور انہیں تفصیل سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا اور فریقین کے ذریعہ کشیدگی کم کرنے کے فوری قدامات اور زیادہ سے زیادہ تحمل کی اہمیت پر زور دیا۔

قریشی نے اس کا اعادہ کیا کہ پاکستان کسی کے بھی خلاف نہ تو اپنی سرزمین استعمال کرنے دے گا اور نہ ہی خطہ میں کسی جنگ یا ٹکراؤ کا حصہ بنے گا۔اور اس پر اصرار کیا کہ پاکستان صرف امن کے قیام میں ساتھی بن سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *