ڈونالڈ ٹرمپ آزاد ملکوں کا احترام کرنا سیکھیں،پاکستان امریکہ کی نو آبادی نہیں : چودھری نثار

اسلام آباد: وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ امریکی صدارتی دوڑ میں پیش پیش رہنے والے ڈونالڈ ٹرمپ خود مختار ممالک کا احترام کرنا سیکھیں ۔پاکستان امریکہ کی کوئی نو آبادی نہیں ہے۔ نیزجیل میں بند ڈاکٹر شکیل کی قسمت کا فیصلہ پاکستانی عدالتیں ہی کریں گی۔ چودھری نثار نے یہ بات ڈونالڈ کے اس بیان کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کےجواب میں کہی جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر وہ صدر منتخب ہو گئے تو القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن تک امریکہ کی رسائی میں تعاون کرنے پر داخل زنداں کیے جانے والے شکیل آفریدی کو اولیں فرصت میں رہا کرائیں گے۔
ٹرمپ سے گذشتہ ہفتہ فوکس نیوز کے انٹرویو میں جب یہ معلوم کیا گیا کہ کیا وہ شکیل آفریدی کو رہا کرائیں گے تو انہوں نے کہا کہ وہ چٹکی بجاتے شکیل آفریدی کو قید سے آ زاد کرادیں گے۔چودھری نثار نے کہا کہ شکیل آفریدی ایک پاکستانی شہری ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ اس کے مستقبل کے بارے میں ہمیں بتائے کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ پاکستان اور اس کے عوام کی ان زبردست قربانیوں کونظر انداز کر رہے ہیں جو وہ امریکی پالیسیوں کی حمایت کر کے برسوں سے دیتے آرہے ہیں۔

Title: pakistan is not a colony of the united states says chaudhry nisar | In Category: پاکستان  ( pakistan )

Leave a Reply