اڑی دہشت گردانہ حملے کی بین اقوامی تحقیقات کرائی جائے: سرتاج عزیز

اسلام آباد: اڑی میں دہشت گردانہ حملے میں اٹھارہ ہندستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد عالمی تشویش کا مرکز بن جانے سے پریشان پاکستان نے فوجی کیمپ پر ہلاکت خیز دہشت گردانہ حملے کی بین اقوامی چھان بین کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے مشیر برائے امورِ خارجہ سرتاج عزیز نے اس استدلال کے ساتھ کہ کسی بھی حملے کے بعد چھان بین سے پہلے ہی الزام پاکستان کے سر منڈھ دیا جا تا ہے کہا کہ اڑی حملے کی تحقیقات کے لیے ایک آزادانہ اور غیرجانبدارانہ کمیشن قائم کیا جائے۔ سرتاج عزیز نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) اردو کو ایک انٹرویو میں اڑی حملے کے بعد عالمی رائے عامہ کے پیش نظریہ بھی کہا کہ اس طرح کے حملے سے پاکستان اور کشمیریوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکتا۔
اسی کے ساتھ انہوں نے پاکستان کے اس روایتی ردعمل کا بھی اعادہ کیا کہ کشمیر میں ہونے والے حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں پاکستان ہر قسم کی معاونت کے لیے تیار ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ کشمیر میں اس وقت” آزادی کی تحریک“ چل رہی ہے، جس نے پوری دنیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ واضح رہے کہ اسی مہینے کی 18 تاریخ کو جموں و کشمیر کے اڑی سیکٹر میں ہندستانی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر دہشت گردانہ حملے میں 18 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pakistan demands international probe into uri attack in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply