روہنگیامسلمانوں کے قتل عام پر پاکستان کا میانمار حکومت سے شدید اظہار تشویش

یانگون: میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو چن چن کر ہلاک کرنے اور انہیں نقل مکانی پر مجبور کرنے پر پاکستان سخت تشویش کا اظہار کیا۔وزارت خارجہ کے ایک بیان میں میانمار کے حکام کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ اس خونریزی کی رپورٹوں کی تحقیقات کرائیں اور جو اس کے ذمہ دار ہیں ان کو سزا دے اور روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہا کہ جو رپورٹیں سامنے آرہی ہیں اگر وہ درست ہیں تو یہ نہایت تشویش و پریشانی کی بات ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک کم و بیش1لاکھ روہنگیا مسلمان نقل مکانی کر چکے ہیں۔ لیکن کوئی نہیں جانتا کہ ان میں سے کتنے پناہ حاصل کر سکے اور کتنے سمندر برد ہو گئے یا کر دیے گئے۔ روہنگیا کے مسلمانوں کو تہ تیغ کرنے یا گولیوں کا نشانہ بنانے کا کام بودھ دہشت گرد ہی نہیں بلکہ فوج کے افسر و جوان سب مل کر کررہے ہیں۔ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چار سو سے زائد روہنگیا مسلمان میانمار فوج کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں جبکہ بنگلہ دیش جانے والے افراد کی ایک کشتی الٹنے سے چالیس افراد دریا میں ڈوب گئے ہیں۔ میانمار کی گزشتہ تاریخ میں اتنا بڑا جانی نقصان پہلے کبھی نہیں ہوا ہے جتنا اس وقت روہنگیا مسلمانوں کو قتل عام کرنے سے ہو رہا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جو بھی فوج اور بدھسٹوں کے سامنے آ رہا تھا اسے قتل کر دیتے تھے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا تھا کہ سامنے والا چھوٹا بچہ ہے یا بوڑھا یا عورت وہ لوگ سبھی کو قتل کر رہے ہیں جبکہ بعض لوگوں کو بے دردی سے تلوار اور خنجروں سے ذبح بھی کیا گیا ہے۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بڑھتی ہوئی جارحیت سے بچنے کے لئے چالیس ہزار سے زائد مسلمان اپنا گھر بار چھوڑ کر بنگلہ دیش جانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ میانمار کی فوج اور انتہا پسند بدھسٹ منصوبہ بند اور نہایت منظم انداز میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام کر رہے ہیں جسے بعض عالمی اداروں نے ایک قوم کی نسل کشی قرار دی ہے۔دوسری جانب کیمپوں میں رہنے والے مسلمانوں کو بھی شدید مشکلات اور بدترین صورت حال کا سامنا ہے۔ میانمار کی حکومت اس جارحیت پر بالکل خاموش ہے جبکہ کسی بھی تحقیقاتی ادارے کو مسلمان نشین علاقے میں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ اسلامی ممالک کا نام نہاد چالیس رکنی فوجی اتحاد سمیت سعودی عرب اور دیگر ممالک بھی روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pakistan deeply concerned over killing displacement of rohingya muslims in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply