پاکستانی فوجی سربراہ نے لیفٹننٹ جنرل نوید مختار کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کیا

اسلام آباد:(یو این آئی)پاکستان نے سابق کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو اپنی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری بیان کے مطابق موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر کے صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی مقرر کیے جانے پر یہ عہدہ خالی ہوا تھا جس پر لیفٹننٹ جنرل نوید مختار کو تعینات کیا گیا۔ گذشتہ ہفتے ہونے والے ایک اعلان کے مطابق لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا بحیثیت کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی جگہ عہدہ سنبھالیں گے۔
اس سے قبل پاک فوج کے 10 لیفٹننٹ جنرلز کے تبادلوں کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ موجودہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) رینجرز سندھ لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کردیا گیا ہے، انھیں حال ہی میں میجر جنرل سے لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ چیف آف جنرل اسٹاف مقرر ہونے والے لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کو داخلی سلامتی کے امور کے حوالے سے وسیع تجربہ حاصل ہے۔ بطور ڈی جی رینجرز سندھ ان کی توجہ کا مرکز کراچی میں امن و امان کی صورتحال ہی رہی.لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کی بطور چیف آف جنرل اسٹاف تعیناتی اس بات کی جانب اشارہ کرتی ہے کہ نئے فوجی سربراہ قمر جاوید باجوہ داخلی سلامتی کو ترجیح دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔
موجودہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل رضوان اختر کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی مقرر کردیا گیا۔ جبکہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے موجودہ صدر لیفٹننٹ جنرل نذیر بٹ کو کور کمانڈر پشاور (11 کور) تعینات کردیا گیا۔ دوسری جانب موجودہ کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایولوشن مقرر کردیا گیا۔ موجودہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف آرمز تعینات کیا گیا۔
انھیں اس عہدے پر جون 2012 میں تعینات کیا گیا تھا جبکہ انھیں لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ستمبر 2015 میں ترقی دی گئی تھی۔ آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ترقی پانے والے لیفٹننٹ جنرل ہمایوں عزیز کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل سی اینڈ آئی ٹی تعینات کیا گیا۔ حالیہ ترقی پانے والے لیفٹننٹ جنرل قاضی اکرام کو جی ایچ کیو میں چیف آف لوجسٹک اسٹاف مقرر کردیا گیا۔ ادھر حال ہی میں ترقی پانے والے لیفٹننٹ جنرل شیر افگن کو کور کمانڈر بہالپور (31 کور) تعینات کردیا گیا ہے، اس سے قبل وہ بلوچستان میں آئی جی ایف سی کے عہدے پر فائز تھے۔ گذشتہ ہفتے ترقی پانے والے لیفٹننٹ جنرل محمد افضال کو ڈی جی ‘ایف ڈبلیو او’ کے عہدے پر برقرار رکھا گیا۔ جبکہ حال ہی میں ترقی پانے والے لیفٹننٹ جنرل ندیم اشرف کو چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا تعینات کردیا گیا۔ خیال رہے کہ 9 دسمبر 2016 کو پاک فوج کے سلیکشن بورڈ نے 7 میجر جنرلز کو لیفٹننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کی منظوری دی تھی جبکہ 3 لیفٹننٹ جنرلز کے تبادلوں کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pakistan army chief names lt gen naveed mukhtar as new isi chief in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply