ہندوستان کراچی اور بلوچستان میں تخریبی و دہشت گردانہ سرگرمیوں سے ملک میں عدم استحکام پھیلا رہا ہے:خارجہ ترجمان

اسلام آباد: شورش زدہ بلوچستان اور سندھ کے صنعتی شہر کراچی میں امن و قانون کی بگڑتی صورت حال اور تشدد و دھماکوں کے واقعات کی روشنی میں پاکستان نے ہندوستان پر الزام لگایا کہ وہ پاکستان میں عدم استحکام کی کیفیت پیدا کرنے کے لیے کراچی اور بلوچستان میں تخریبی سرگرمیوں اور دہشت پسند انہ کارروائیوں میں ملوث ہے۔
پاکستان کے خارجہ ترجمان نفیس زکریا نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ بین الاقوامی برادری کو پہلے ہی ہندوستان کے ملوث ہونے سے آگاہ کیا جاچکاہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہندوستان کی انتیلی جنس ایجنسی ریسرچ اینڈ انالائسس ونگ(را) کے ایک افسر کی گرفتاری سے پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی تصدیق ہو گئی کہ ہندوستان کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان خاص طور پر صوبہ بلوچستان اور کراچی میں تخریبی و دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خفیہ ادارے ان خطروں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے تمام مطلوبہ اور ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی نے دنیا کے تمام ملکوں کی نسبت پاکستان کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستانکو ان دہشت گردانہ حملوں اور دہشت گردی کے لیے مالی اعانت میں غیر ملکی ہاتھ ہونے پر سخت تشویش ہے۔

Title: pakistan accuses india of involving in creating instability through subversive activities | In Category: پاکستان  ( pakistan )

Leave a Reply