دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی:جنرل باجوہ

راولپنڈی: پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قائد اعظم محمد علی جناح کے اس قول کا، کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو فنا نہیںکر سکتی، حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام ریاستی اداروں کو مل کر ملکی مفاد میں کام کرنا ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسٹرائیک کور کے دورے کے دوران منگلا کور کے فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے فوجی سربراہ نے کہا کہ بانی پاکستان نے پاک فوج کے جوانوں کی تربیت کے معیار اور حوصلہ و جذبہ حب الوطنی کو دیکھتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی ، پاکستان بہت جلد اقوام عالم کی صف اول میں اپنا مقام بنائے گا۔ جنرل باجوہ نے تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا اور عسکری تربیت کے معیار کو سراہا ۔
انہوں نے فوج کے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اعلیٰ تربیت اور معیاری تربیت سے غافل نہیں رہنا ، یہی معیاری تربیت ہے جس کی بنا پر ہم نے قومی چیلنجز پر قابو پایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی تعمیر اور ترقی کے لیے پختہ عزم اور قومی سطح پر اتحاد کی ضرورت ہے۔
تمام ریاستی اداروں کو چاہیے کہ اپنے کاموں میں ایک رابطہ استوار کریں۔ ملکی مفاد اور دفاع وطن کے لیے تمام اداروں کو باہمی تعاون کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔منگلا پہنچنے پر فوجی سربراہ کو منگلہ کور کے لیفٹننٹ جنرل اظہر صالح عباسی نے خیر مقدم کیا۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اور لیفٹننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن بھی موجود تھے۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: No power can undo pakistan gen bajwa in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News
What do you think? Write Your Comment