چودھری نثار نے سوشل میڈیا پر فوج مخالف مواد ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا

اسلام آباد:سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف پوسٹس کرنے اور عوام کو پاک فوج سے دور کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایات جاری کر دیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاک فوج کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایف آئی اے حکام کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ سوشل میڈیا پر پاک فوج کی توہین و تذلیل کرنے والے پیجز اور آئی ڈیز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
چوہدری نثار کا مزید کہنا ہے کہ آئین واضح کرتا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا اس لیے آزادی اظہار رائے کے نام پر دفاع کے معاملات پر تنقید برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ مخصوص مقاصد کے لئے با عزت ادارے کو نشانہ بنانا سنگین جرم ہے چنانچہ دانستہ یا غیر دانستہ جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔واضح رہے کہ چند روز قبل ڈان لیکس کے معاملے پر پاک فوج اور حکومت کے درمیان پیش آنے والی غلط فہمی کے بعد بعض افراد سوشل میڈیا پر پاک فوج کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

Title: nisar warns against vilification of pakistan army on social media | In Category: پاکستان  ( pakistan )

Leave a Reply