پاکستان کے خلاف امریکی قانون سازوں کے نفرت انگیز بیانات کی چودھری نثار نے مذمت کی

اسلام آباد: پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے امریکی قانون سازوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف نفرت انگیر بیانات پر سخت اعتراض کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت بڑی قیمت چکائی ہے۔
وزیر داخلہ نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ میں بہت بڑی قیمت چکانی پڑی لیکن افسوس کی بات ہے کہ امریکی کانگریس کا ایک پینل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے لاعلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور فوجی جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے لیکن امریکی قانون سازوں نے پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی قربانیوں کے حوالے سے جاننے کی کوشش ہی نہیں کی۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے امریکی ایوان نمائندگان کی دہشت گردی، جوہری عدم پھیلاؤ، تجارت اور ایشاپیسفک سے متعلق ذیلی کمیٹیوں نے مشترکہ طور پر ایک مباحثے بعنوان ’پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کا دوست ہے یا دشمن؟’ کا انعقاد کیا تھا۔ امریکی کانگریس کے ایک پینل نے اس مباحثے میں مطالبہ کیا تھا کہ اگر پاکستان اپنی سرزمین پر افغان طالبان کے خلاف کارروائی نہیں کرتا تو امریکا کو پاکستان کو ہر قسم کی امداد دینی بند کردینی چاہیے۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے خبردار کیا کہ امریکی قانون سازوں کے اس طرح کے بیانات سے نہ صرف پاکستانیوں کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آسکتا ہے بلکہ خطے میں امن کے قیام کوششوں میں بھی رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے اور مستقبل میں خطے کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے جن میں پاکستان کو بڑی کامیابی بھی ملی ہے۔ اس موقع پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے نے کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کوششوں خاص طور پر آپریشن ضرب عضب کا اعتراف کرتا ہے۔ ڈیوڈ ہیلے نے وزیر داخلہ اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے امیگریشن اور علاقوں میں سیکیورٹی کی صورتحالی کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nisar deplores us lawmakers tirade against pakistan in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply