سخت جدوجہد کے بعد آخر کار ہم ملک کو آمریت سے نجات دلانے میں کامیاب ہو گئے:عمران خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی صدارت میں ہونے والے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں جی ٹی روڈ سے لاہور میں اپنی رہائش گاہ واپس جانے کے نواز کے فیصلہ کی روشنی میں ملک کی حالیہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں نواز شریف کے اس مارچ کو مکمل نظام کی دھجیاں بکھیرنے اور جمہوریت کو پٹری سے اتارنے کی کوشش بتایا گیا۔بعد ازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی سربراہ عمران خان نے کہا کہ نوازشریف جی ٹی روڈ سے لاہور جانے کے بہانے عدالتی فیصلے کے خلاف احتجاج کرنا چاہتے ہیں جس کا مقصد عدلیہ پر دباو ڈالنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور پی ایم ایل این سپریم کورٹ اور فوج کی تذلیل کرنے کی سازش رچ رہے ہیں۔عمران نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے ہمیں شور شرابے اور احتجاجی سیاست کا طعنہ دینے والا نوازشریف اب خود اسی سمت کی جانب گامزن ہے۔عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ ہماری جدوجہد سے ملک میں موجود جمہوریت کے نام پر جاری آمریت کا خاتمہ ہو گیا ہے جس سے پوری پاکستانی قوم خوش ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پناما کیس مٰں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد میان محمد نواز شریف کی سیاسی موت ہو چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگ نون شریف خاندان کو بچانے کے لئے سرکاری وسائل استعمال کر رہی ہے اور قومی خزانے کے پیسوں سے لوگوں کو استقبال کے لئے تیار کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ملک کے آئین کےخلاف جانے لگے ہیں آپ پر آرٹیکل چھ لگنا چاہئیے۔ آپ کا کیا کارنامہ ہے جو ریلی لے کر جی ٹی روڈ پرجا رہے ہیں۔ ہم نے کرپشن اور دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا تو ہم پر جمہوریت ڈی ریل کرنے اور سازش کے الزامات لگائے گئے جبکہ اب نوازشریف عدلیہ اور فوج کے خلاف سازش کے الزامات لگا رہے ہیں۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nawaz wont get nro this time imran in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply