نواز شریف کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور روانہ

اسلام آباد: پناما گیٹ کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد وزارت عظمیٰ سے معزول ہونے والے میاں محمد نواز شریف اسلام آباد سے اپنے آبائی شہر لاہور کے لئے قافلے کے ساتھ روانہ ہوئے ہیں۔ ان کا یہ عوامی رابطہ قافلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے ہے۔ مسٹر نواز شریف نے اپنے قریبی معتمدوں کے یہ خدشہ ظاہر کئے جانے کے باوجود کہ اس طرح کی ریلی میں انہیں اور دیگر شرکاءکو سکیورٹی خطرات درپیش ہوسکتے ہیں، عوامی یکجہتی کے اظہار کے لئے یہ قافلہ شروع کیا ہے۔ اسلام آباد سے لاہور کی مسافت تقریبا 380 کلومیٹر ہے۔ جی ٹی روڈ سے اس مسافت کو طے کرنے میں دو یا تین دن لگ سکتے ہیں۔ میاں نواز شریف اسلام آباد میں واقع پنجاب ہاؤس کے عقبی دروازے سے صبح 11 بجے کے بعد روانہ ہوئے ، جس سے مرکزی دروازے پر انہیں رخصت کرنے کے لیے آنے والے کارکنوں کو مایوسی ہاتھ لگی۔ پنجاب ہاؤس سے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف پنجاب کی جان اور پاکستان کی شان ہیں، انہوں نے پنجاب کو دیگر صوبوں کے لیے رول ماڈل بنایا ہے ۔مسٹر نواز شریف نے اپنی پارٹی کے لیڈرں، وکیلوں اور میڈیا سے ملاقاتوں میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بدعنوانی کے الزامات ثابت نہیں ہوئے ہیں اور اس طرح کے الزامات کی بنیاد پر انہیں نااہل قرار دینا درست نہیں ہے۔ میاں نواز شریف کی پارٹی کو قومی اسمبلی میں اکثریت حاصل ہے اور پارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چار دنوں کے اندر ہی مسٹر شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیر اعظم منتخب کیا ہے، جو آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات تک برقرار رہیں۔ میاں نواز شریف کے برادر شہباز شریف ہی اب پارٹی میں ان کے جانشین ہوں گے، کیونکہ کے پاکستانی قانون میں معتوب لیڈر کسی پارٹی کے سربراہ نہیں رہ سکتے۔ نواز شریف کی روانگی سے قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کو گلے لگا کر الوداع کہا۔ اس سے قبل پنجاب ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ریلی کے روٹ کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور نون لیگ کی جانب سے آج کے دن کو نوازشریف سے اظہار یکجہتی کا دن قرار دیا گیا۔ قافلے میں شامل وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ رہنماؤں کے ساتھ ساتھ ریلی کے شرکا کی سکیورٹی یقینی بنانے کے تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘میرے خیال میں قافلہ 2 سے 3 دن میں لاہور پہنچ جائے گا’۔ اطلاعات کے مطابق نواز شریف جہلم میں لیگی کارکنان سے خطاب کریں گے اور رات کو ندی کے کنارے واقع ہوٹل میں قیام کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں نواز شریف کی ریلی کو ان کا بنیادی حق قرار دیا۔اپنی ٹوئیٹ میں ان کا کہنا تھا کہ عوام سے رابطہ قائم رکھنا سیاسی پارٹی کا بنیادی حق ہے، لوگوں کے اعتماد سے نواز شریف کو تحریک ملتی ہے۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nawaz sharif kicks off roadshow to lahore in show of strength in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply