ممبئی حملوں میں استعمال الفوز نام کی کشتی کا معائنہ کرنے عدالتی کمیشن کراچی پہنچا

اسلام آباد:ممبئی پر دہشت گردانہ حملے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی الفوز نامی کشتی کا معائنہ کرنے کے لیے عدالتی کمیشن کراچی پہنچ گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے اسپیشل پروسیکیوٹر مصباح الحسن قادری اور وکیل دفاع راجا رضوان عباسی پر مشتمل عدالتی کمیشن کو کراچی جاکر کشتی کا معائنہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
’الفوز‘ نامی اس کشتی کے معائنے کے علاوہ کمیشن اس گواہ کا بیان بھی ریکارڈ کرے گا جس نے کراچی شپ یارڈ میں اس کشتی پر قبضہ ہوتے ہوئے دیکھا تھا۔ پاکستانی روزنامہ ڈان نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ عدالتی کمیشن اپنی تحقیقاتی رپورٹ اگلے ہفتے بدھ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرے گا۔ ’الفوز’ نامی اس کشتی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ممبئی حملوں کے ملزمان نے ہندوستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کے لیے اسے استعمال کیا تھا۔
معائنہ کا یہ حکم اس وقت دیا گیا تھا جب ایف آئی اے حکام نے انسداد دہشت گردی عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ کشتی کو تفتیشی افسر نے اس گواہ کی موجودگی میں اپنی تحویل میں لیا تھا جس نے کشتی کی شناخت کرکے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ اسی طرح کی کشتی ملزمان کی جانب سے استعمال کی گئی۔ واضح رہے کہ ممبئی پر 2009 میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں ڈیڑھ سو سے زیادہ لوگ ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Mumbai attacks jc in karachi to examine boat used by assailants in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply