مریم نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے جوڈیشیل اکیڈمی پہنچ گئیں

اسلام آباد: پنامہ دستاویزات افشا کیس کے حوالے سے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور ان کے اہل و عیال کی پریشانیاں کم ہونے میں نہیں آرہی ہیں اور اب حسن نواز کے بعد وزیر اعظم کی بیٹی مریم نواز تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے کے لیے وفاقی جوڈیشیل اکیڈمی پہنچ گئیں ۔ اس موقع پر جوڈیشیل اکیڈمی کے اطراف جہاںجے آئی ٹی مریم سے پوچھ گچھ کرے گی زبردست حفاظتی بندوبست کیا گیا ہے اور سیکیورٹی انتظامات کو ایسی حتمی شکل دے دی گئی ہے کہ کوئی پرندہ بھی پر نہ مار سکے۔
اسلام آباد میں جوڈیشل اکیڈمی کے اطراف میں رینجرز، ایف سی کے دستوں سمیت ڈھائی ہزار سے زائد پولیس اہلکار بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔مریم نواز کی پیشی کے موقعہ پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو جوڈیشل اکیڈمی میں داخلے کی اجازت نہ ہوگی۔ تمام راستوںکی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور عوام الناس میں سے کسی کو اکیڈمی کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جبکہ مریم نواز کی پیشی کے موقعہ پر مسلم لیگ نواز گروپ کے کارکنوں کی بڑی تعداد کے جمع ہوجانے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل خود میاں محمد نواز شریف، میاں محمد شہباز شریف ، وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز اور حسن نواز سمیت کئی دیگر افراد کی بھی جے آئی ٹی کے روبرو پیشی ہو چکی ہے۔جے آئی ٹی اس ماہ کی10تاریخ کو اپنی حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں داخل کر دے گی۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Maryam nawaz arrives at federal judicial academy to appear before jit in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News
Tags: ,

Leave a Reply