نادرا کے پودے نے تناور درخت کی شکل اختیار کر لی:وزیر داخلہ

کراچی:وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے گذشتہ روز نادرا رجسٹریشن سینٹر نرووال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نادرا کے پودے نے ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر لی اور وہ پاکستان کا بین الاقوامی ایمبسیڈر بن رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں جو درحقیقت ملک دشمنی ہے، کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ قوم کے اعتماد کو کم کرے اور ان سے مستقبل کی امید چھین لے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا تھا کہ ملک میں درجنوں لاشیں نہ گرتی ہوں، ہم نے آرمی پبلک اسکول کا ہولناک واقعہ بھی دیکھا ہے جبکہ سب سے زیادہ قربانی خیبرپختونخوا نے دی ہے۔
احسن اقبال نے کہا 2025 تک پاکستان کو دنیا کی 25 بڑی معیشتوں میں لے کر آئیں گے،پی ڈبلیو سی کے مطابق اگر پاکستان اسی رفتار سے چلتا رہا تو وہ 2030 تک جی 20 ممالک میں شامل ہو جائے گا۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ آپریشن ردالفساد نے دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی ہے جبکہ دہشت گردی کےواقعات میں 80 سے90 فیصد کمی آئی ہے جس سے کوئی دشمن بھی انکار نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے جمہوری پالیسی کے تسلسل کو قائم نہیں رہنے دیا گیا۔مخالف جماعتوں پر الزام لگاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کچھ سیاستدان اپنی سیاست کے لیے پاکستان میں کرپشن کا الزام لگا کر ملک کو بدنام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے موثر اور ٹھوس اقدامات کے باعث کراچی میں امن قائم ہو چکا ہے۔

Title: interior minister inaugurates nadras one window operation center in narowal | In Category: پاکستان  ( pakistan )

Leave a Reply