نواز شریف یہ سازش نہیں اللہ کی پکڑ ہے: عمران خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شاہد خاقان عباسی کو اب تک کا سب سے کمزور وزیر اعظم قرار دیتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیے گئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے قدموں میں پڑا بتایا۔ انہوں نے نواز شریف کو بھی مخاطب کرکے کہا کہ میاں صاحب آپ کسی سازش کا شکار نہیں بے اور نہ ہی آپ کے خلاف کوئی سازش رچی گئی ۔یہ کچھ اور نہیں اللہ کی پکڑ ہے۔
عمران خان نے خانیوال میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی پی اور نون لیگ نے ملک کو تباہ کر دیا ہے اور اس وقت تمام قومی ادارے زوال کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نوازشریف اور زرداری نے کرپشن کے ذریعہ ملکی نظام کو برباد کر دیا ہے اور عوام کے لئے کوئی کام نہیں کیا۔عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ملک کو قرضوں میں دھکیل رہے ہیں ہم نے ان جیسا کمزور اور بزدل وزیراعظم نہیں دیکھا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی تھوڑی غیرت دکھاؤ، یہ قوم بکنے والی نہیں ہے تم نے شوکت عزیز کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نااہل وزیراعظم کے قدموں میں گرے ہوئے ہیں۔عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف پر الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف ماضی میں پیسے لے کر حکومتیں گراتے تھے اور انہوں نے فاروق لغاری سے مل کر بینظیر کی حکومت گرائی تھی۔ انہوں نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف سن لو آپ کے خلاف سازش نہیں یہ اللہ کی پکڑ ہے، تمہاری سیاست کی قبر کھودی جا چکی ہے۔
عمران نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم جاگ چکی ہے۔ اب بہت ہو لیا۔اللہ نے پاکستان کو زرخیز ترین زمین عطا کی ہے۔جہاں کوئلہ اور تانبے کا زبردست ذخیرہ ہے اور اس کی بے حساب رحمتیں ہیں۔ پاکستان کو خوشحالی کے دور دورے کے لیے ضرورت صرف مضبوط و مستحکم اداروں کی ہے۔انہوں نے سندھ کے گھوٹکی ضلع میں اوبارو شہر میں بھی ایک بڑے مجمع سے خطاب کیا اور اپنے حامیوں کو تلقین کی کہ بدعوان سیاستدانوں کا بائیکاٹ کریں اور بدعنوانیوں سے پاک ایک نیا پاکستان بنانے کے لیے ان کی پارٹی کی حمایت کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف اور آصف علی زرداری کو بچانے کے لیے کوششیں کی گئیں تو سندھ کے عوام اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔ قوم ایک اور این آر او برداشت نہیں کرے گی۔

Title: imran khan warns against nro for nawaz zardari | In Category: پاکستان  ( pakistan )

Leave a Reply