پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہو: عمران خان

لاہور: عمران خان کا کہنا ہے کہ بحیثیت کرکٹر ان کی خواہش ہے کہ مکمل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ہی پاکستان میں ہو۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد ہونے کے خلاف سازش کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دشمن پاکستان کو تنہا کرنا چاہتے ہیں اور ممکن ہے کہ یہ دھماکہ ایک پیغام ہو۔
انہوں نے کہا کہ ’اس واقعے سے پاکستانی کھلاڑی تو نہیں ڈریں گے البتہ غیر ملکی کھلاڑی ضرور خوفزدہ ہوں گے، ہوسکتا ہے انہیں ڈرانے کے لیے یہ دھماکہ کیا گیا ہو تاہم میں کچھ کہہ نہیں سکتا۔ عمران خان سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ بحیثیت کرکٹر یہ چاہتے ہیں کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو تو انہوں نے کہا کہ میں تو چاہتا ہوں کہ پورا پی ایس ایل پاکستان میں ہو لیکن مسئلہ یہ ہے کہ جب دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو غیر ملکی کھلاڑی ڈر جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا ٹیم پر ہونے والے حملے سے بین الاقوامی سطح پر یہ پیغام چلا گیا کہ پاکستان غیر ملکی ٹیموں کے دورے کے لیے محفوظ جگہ نہیں ہے۔خیال رہے کہ لاہور میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد پی ایس ایل کا صوبائی دارالحکومت میں طے شدہ فائنل خطرے میں پڑگیا ہے۔

Title: imran khan wanted whole psl in pakistan not just final | In Category: پاکستان  ( pakistan )

Leave a Reply