حلف اٹھاتے ہوئے عمران خان کی زبان پھسلی،” روز قیامت “کو”روز قیادت“ کہہ گئے

اسلام آباد: قومی ترانے کی دھن اور پھرتلاوت قرآن پاک کے بعدعمران خان نے ملک کے22ویں وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھالیا۔ انہیں صدر پاکستان ممنون حسین نے عہدے و رازداری کا حلف دلایا۔ اور اسکے ساتھ ہی پاکستان میں جواں سال پارٹی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی قیادت والی پہلی مخلوط حکومت کی داغ بیل پڑ گئی۔

عمران خان حلف برداری کے الفاظ دوہرانے سے قبل بسم اللہ االرحمٰن الرحیم پڑھنا بھول گئے جسے صد ر کے ذریعہ ٹوکنے کے بعد انہوں نے پڑھا ۔لیکن صدر ممنون حسین کے کہے الفاظ دوہراتے ہوئے عمران خان کی کئی بار زبان پھسلی اور انہوں نے ”روز قیامت “ کو” روز قیادت“ کہہ دیا۔خاتم النبین کہنے میں انہیں بڑی دقت پیش آئی۔

اور ”کارہائے“ کو ”کار“ کہا۔ اور ہر غلطی پر صدرممنون حسین کی جانب سے ٹوکے جانے پر مسکراتے اور سوری کہتے رہے۔تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین کے علاوہ نگراں وزیر اعظم ریٹائرڈجسٹس ناصر الملک ، فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، جائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل بیر حیات، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، امیر البحر ظفر محمود عباسی اور غیر ملکی سفیروں بشمول ہندوسستانی ہائی کمشنر متعین پاکستان کے علاوہ عمران خان کے ساتھ 1992 کا ورلڈکپ کھیلنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھی رمیز راجا، انضمام الحق، وقار یونس، وسیم اکرم، عاقب جاوید، مشتاق احمد اور ہندوستان کے سابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوئے ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عمران خان نے بطوروزیر اعظم کی اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ہندستان کے دو سابق کرکٹ کپتانوں کپل دیو اورسنیل گواسکر اور کرکٹر سے سیاستداں بننے والے نوجوت سنگھ سدھو کو مدعو کیا تھا لیکن کپل دیو اور سنیل گواسکر نے شرکت سے اظہار معذوری کیا تھا مگر نوجوت سنگھ سدھو براستہ واہگہ بارڈر 17اگست کوہی لاہورپہنچ گئے تھے۔

تقریب حلف برداری کے لیے عمران خان 9گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ ایوان صدر کی جانب روانہ ہوئے۔ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ بشریٰ مانیکا اور ان کے بچے بھی تھے۔ عمران خان نے بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ سے روانگی کے وقت پروٹوکول میں شامل اضافی گاڑیاں ہٹوا دیں۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Imran khan fumbles during his oath taking speech as pakistan pm in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply