آئی ایس آئی پر تنقید کرنے کے جرم میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا جج برطرف

اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم جوڈیشیل کونسل (ایس جے سی) کی سفارشات پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک جونئیر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کوبرطرف کر دیا۔ ایس جے سی نے ملک کی سب سے بڑے سراغرساں ادارے کے عدالت معاملات میں مداخلت کے حوالے سے دیے گئے بیان کی روشنی میں جسٹس صدیقی کو برطرف کر دینے کی صدر مملکت سے سفارش کی تھی۔

جس کے بعد وزارت قانون و انصاف نے جسٹس صدیقی کی برطرفی کا نوٹس جاری کر دیا ۔وزیر قانون ڈاکٹر فاروق نسیم نے کہا کہ اس ضمن میں ایک اطلاع نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔جس پر قانون سکریٹری کے دستخط کے ساتھ لکھا گیا ہے”صدر پاکستان نے مسٹر جسٹس شوکت عزیز صدیقی ،جج اسلام آباد ہائی کورٹ کو فی الفور برطرف کر دیا ہے“۔

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی زیر سربراہی ایس جے سی نے اپنی سفارشات میںلکھا تھا” اس کونسل کا اس پر اتفاق رائے ہے کہ 21جولائی2018کو راولپنڈی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے اپنے خطاب میں مسٹر جسٹس شوکت عزیز صدیقی ،جج اسلام آباد ہائی کورٹ نے جس خیالات کا اظہارکیا وہ ہائی کورٹ کے ایک جج کو نہیں کرنا چاہیے تھا۔

لہٰذا انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا قصور وار قرار دیا جاتا ہے اور سفارش کی جاتی ہے کہ انہیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی دفعہ209(6)مجریہ1973کے تحت عہدے سے برطرف کر دیا جائے۔ واضح ہو کہ پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں جسٹس صدیقی دوسرے جج ہیں جس کے خلاف ایس جے سی نے منفی رائے دی ہے۔ اس سے قبل1951میں جسٹس اخلاق حسین کے خلاف جنرل ایوب کے دور میں کونسل نے منفی رائے دی تھی۔

جسٹس شوکت پر الزام ہے کہ انہوں نے آئی ایس آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عدالتی کام کاج میں ہی مداخلت نہیں کرتی بلکہ اس کی رسائی چیف جسٹس تک ہے۔علاوہ ازیں وہ اپنی مرضی کے ججوں پر مشتمل بنچ تشکیل دلواتی ہے ۔ آئی ایس آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے رابطہ کر کے ان سے کہا تھا کہ وہ نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو انتخابات سے پہلے رہا ہوتے نہیں دیکھنا چاہتی۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ihc judge sacked for accusing isi of interference in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News
What do you think? Write Your Comment