لندن : پاکستان مسلم لیگ نواز ( پی ایم ایل این) کے رہبر اعلیٰ و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان یہاں ایک قاتلانہ حملہ میں شدید زخمی ہوگئے۔

موصول اطلاع کے مطابق ڈاکٹر عدنان کو سر، چہرے اور سینے پر چوٹیں آئی ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ڈاکٹر عدنان حسب معمول شام کی چہل قدمی پر جا رہے تھے کہ دو نقاب پوشوں نے عقب سے ان پر حملہ کر دیا۔

انہیں زمین پر گرایا اوران کی پسلویں اور منھ پر لاتیں اور گھونسے مارے گئے نیز لوہے کی چھڑ سے ان کے سر اور سینے پر وار کیے گئے جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ ڈاکٹر عدنان کو طبی امداد کے لیے ایک اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔

پولس نے اس امر کی تصدیق کر دی کہ اسے حملہ کے حوالے سے ایک شکایت ملی ہے۔ ڈاکٹر عدنان کے کنبہ کے ایک ترجمان نے حملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عدنان پر یہ بزدلانہ حملہ قابل مذمت ہے۔ انہیں ان کے موبائیل فون پر کافی دنوں سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ اس قسم کے حملوں کاقانونی حدود کے اندر رہ کر جواب دینے کے ہمارے حقوق محفوظ ہیں۔

دریں اثنا مسلم لیگ نواز کی قیادت نے ڈاکٹر عدنان پر حملہ کی شدت سے مذمت کی ۔احسن اقبال نے حکومت برطانیہ سے پر زور اپیل کی کہ نواز شریف اور ان کے اہل خاندان کا تحفظ یقینی بنانے کے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈاکٹر عدنان پر حملہ کو منفی سوچ کا نتیجہ بتاتے ہوئے حملہ آوروں کی جلد گرفتاری اور اس حملہ کی سازش رچنے والوں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا۔ پی ایم ایل این کے صدر و نواز شریف کے برادر خورد میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ در اصل یہ حملہ اس سازش کا ایک جزو ہے جو نواز شریف کے علاج میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے رچی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *