بلوچستان میں خود کش دھماکہ،25ہلاک متعدد زخمی

اسلام آباد:پاکستانی میڈیا کے مطابق آج بعد نماز جمعہ بلوچستان کے کوئٹہ شہر میں سینیٹ کے ڈپٹی چیرمین مولانا عبدالغفور حیدری کو نشانہ بنا کر کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں کم از کم25افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ایک پاکستان حکومتی اہلکار نے اس دھماکہ اور ہلاکتوںکی تصدیق کر دی۔ جمیعت علمائے اسلام (فضل)کے رہنما غفور حیدری نے ،جو دھماکہ میں معمولی طور پر زخمی ہوئے ہیں بتایا کہ یہ طاقتور بم دھماکہ تھا۔پولس کا خیال ہے کہ یہ خود کش دھماکہ تھا۔
مولانا عبدالغفور حیدری مستونگ کے ایک مدرسے میں طلبا کی دستار بندی کی تقریب کے بعد قافلے کے ساتھ مدرسے سے کچھ فاصلے پر گئے تھے کہ ایک خود کش حملہ آور نے قافلے میں موجود ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 107ا فراد ہلاک و زخمی ہو گئے ۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ انتہائی زوردار تھا جس کی آواز دور دور تک سنائی گئی ہے۔ دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ڈی پی او مستونگ غضنفر علی کا کہنا ہے کہ مولانا عبدالغفور حیدری کی گاڑی کے آگے اور پیچھے پولیس سکواڈ موجود تھا اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ واقعے کے بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔

Title: blast in balochistan 25 killed many injured | In Category: پاکستان  ( pakistan )

Leave a Reply