پاکستان افغانستان میں پائیدار امن اور ترقی کا خواہاں ہے

بیجنگ: (ایجنسی)چین، پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلے سہ فریقی اجلاس کے دوران سیکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی، افغان امن عمل اور تینوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں تمام باہمی امور اور قومی و بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سہ فریقی وزرائے خارجہ ملاقات کے لیے چینی اقدامات کاخیر مقدم کرتے ہیں اور مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
خواجہ آصف نے اجلاس کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائیدارامن کے لیے اس اجلاس میں افغانستان سے تعاون بڑھانے کے لیے راستے تلاش کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سہ فریقی وزرائے خارجہ ملاقات کے لیے چینی اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں، چین ہمارے دلوں سے قریب ہے اور ہم چین کے پر امن ہمسائے کے نظریئے سے متفق ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مستقبل کی ترقی اور امن ہم سب کے مفاد میں ہے جبکہ ہماری سرحدیں ملتی ہیں، اس لیے امن ہمارا مشترکہ مشن ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سی پیک، صدر شی جن پنگ کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور سی پیک کی کامیابی سے علاقائی روابط مضبوط ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں پائیدار امن اور ترقی کا خواہاں ہے، ترقی اورخوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے افغانستان میں امن ناگزیر ہے۔
افغانستان کے خبر رساں ادارے طلوع نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اس اجلاس کے حوالے سے اپنے ٹوئٹ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یا کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چین اور پاکستان مستقبل میں افغانستان کے ساتھ تعاون کے ساتھ ساتھ سی پیک کے ذریعے افغانستان کو چین سے براہ راست جوڑنا چاہتے ہیں۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: beijing seeks to improve pak afghan ties chinese fm in Urdu | In Category: پاکستان  ( pakistan ) Urdu News

Leave a Reply