عوامی تحریک کے بانی رسول بخش پلیجو کاکراچی میں انتقال ہو گیا

تصویر سوشل میڈیا
اسلام آباد: معروف سیاست داں اور حقوق انسانی کے وکیل رسول بخش پلیجو طویل علالت کے بعد جمعرات کو انتقال کر گئے۔ پلیجو ،جنہوں نے سندھ کی بائیں بازو کی پارٹی عوامی تحریک تشکیل دی تھی،88سال کے تھے۔
ان کی پارٹی کے ترجمان کے مطابق پلیجو کی نماز جنازہ جمعہ کو ہو گی اور اسی روز ان کے آبائی وطن جنگ شاہی میں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔
سندھ کے نگراں وزیر اعلیٰ فضل الرحمٰن ، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری، سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور پی پی پی کے صوبائی صدرنثار خسرو نے پلیجو کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔
بلاول نے کہا کہ رسول بخش پلیجو کوجمہوریت کے لیے ان کی جدوجہد اور قربانیوں کے لیے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ ان کی تصنیفی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ اس غم کی گھڑی میں ہم ان کے افراد کنبہ کے ساتھ ہیں۔