مردان میں عدالت کے باہر خود کش دھماکہ 12 ہلاک،41زخمی

مردان(پاکستان):پاکستانی صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ضلعی عدالت کے گیٹ پر خودکش دھماکے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 41 زخمی ہوگئے۔ جماعت الاحرار نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ڈان نیوز نے ایک اعلی پولیس اہلکا ر کے حوالے سے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے پہلے دستی بم سے حملہ کیا اور پھر ضلع کچہری گیٹ پر خود کو اڑالیا۔ حملے میں 8 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ انہوں نے مردان خودکش دھماکے میں 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ سرکاری اہلکار کے مطابق خودکش حملہ آور نے پہلے دستی بم حملہ کرکے اپنا راستہ کلیئر کیا اور پھر کچہری کے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑایا۔ انھوں نے بتایا کہ اس علاقے میں بہت زیادہ سیکیورٹی ہوتی ہے کیونکہ یہاں کئی اہم سرکاری عمارتیں موجود ہیں جبکہ یہاں سیکیورٹی کیمرے بھی نصب ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں پولیس اہلکاروں سمیت وکلاء اور عام شہری شامل ہیں۔دھماکے کے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئیں اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
دھماکے کے بعد ضلع کچہری جانے والے تمام راستے بند کردیئے گئے۔ کچہری روڈ مردان کا ایک گنجان آباد علاقہ ہے، جہاں لوگ کافی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ مردان میں ہونے والا خودکش حملہ، خیبر پختونخوا میں آج دہشت گردی کا دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل علی الصبح دہشت گردوں نے دارالحکومت پشاور کے وارسک روڈ پر واقع کرسچن کالونی پر حملہ کیا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے حملے کو ناکام بنادیا اور 4 خودکش بمباروں کو ہلاک کردیا گیا، جبکہ ایک عام شہری بھی حملے میں ہلاک ہوا۔ (یو این آئی)

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: At least 12 killed in suicide blast at mardan courthouse in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News

Leave a Reply