پاکستان میں طوفان باد و باراں ،سیلاب اور چٹانیں پھسلنے سے25ہلاک درجنوں زخمی

اسلام آباد: پورے پاکستان میں کئی روز سے گرج چمک کے ساتھ جاری طوفانی بارشوں اور کراچی میںآنے والے ایک دھول بھرے طوفان میں کم ا زکم25افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

گذشتہ کچھ روز سے ملک کے مغربی، وسطی اور شمالی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی طوفانی بارشوں سے کچے گھروں کو منہدم کر دیا جبکہ کچھ علاقوں میں تودے گرنے اور سیلاب سے کئی سڑکیں پہلے ہی سفر کے لیے خطرناک بن چکی ہیں۔ پنجاب میں طوفان سے کئی عمارتیں گر گئیں جس میں کم از کم9افراد ہلاک ہو گئے۔

حکومتی اور ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی میں علی الصباح آنے والے گرد آلود طوفان سے ہوئے حادثات میں 2دوشیزاؤں سمیت4افراد ہلاک اور اتنے ہی ماہی گیر لاپتہ ہو گئے جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کراچی میںطوفانی جھکڑوں سے متعدد درخت ، کھمبے اور سائن بورڈز اکھڑ گئے اور کئی اونچی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشیے چٹخ گئے اور اسکولوں اور مکانات کی دیواریں گر گئیں۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کی ایکزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی نے کہا کہ دو افراد کو مردہ لایا گیا جبکہ ایک شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔انہوں نے مزید بتایا کہ58افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا جن میں سے دو کے سرمیں زخم ہیں اور باقیوں کے جسم میں کسی نہ کسی حصے میں فریکچر ہوا ہے۔

زیادہ تر افراد کنکریٹ کا ڈھانچہ گرنے سے زخمی ہوئے ہیں۔پولس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے بتایا ایک لاش ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کراچی لائی گئی ۔یہ شخص پیپلز چورنگی کے قریب ایک پیڑ کے گرنے سے اس کے نیچے دب گیا تھا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق کراچی میں دھول بھرے طوفان سے ہلاک ہونے والے چار افراد میں سے تین کی شناخت 5سالہ تنزیلہ ساکن حاجی مرید گوتھ ،گل بہار، 7سالہ مہک فیصل ساکن گلزار کالونی کورنگی اور18سالہ کاشف ساکن لانڈھی کے طور پرکی گئی ہے۔

Read all Latest pakistan news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from pakistan and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: 25 killed as rain dust storms lash pakistan in Urdu | In Category: پاکستان Pakistan Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.