فراق گورکھپوری نے رباعی کی صنف کو ہندوستانی ثقافت کا ترجمان بنایا

آج اردوکے مایہ ناز شاعر فراق گورکھپوری کی122ویں سالگرہ ہے۔ ممتاز ترین قبل از جدید شاعروں میں نمایاں، جنہوں نے جدید شاعری کے لئے راہ ہموار کی۔ اپنے بصیرت افروز تنقیدی تبصروں کے لئے معروف گیان پیٹھ انعام سے سرفرازرگھوپتی سہائے فراق 28اگست 1896 کواترپردیش کے گورکھپورمیں پیدا ہوئے۔

گھر میں شعرو شاعری کا چرچا عام تھا۔ ان کے والد منشی گورکھ پرشاد عبرت بھی مشہور شاعر تھے۔فراق نے تعلیم آلہ آباد میں حاصل کی اور اردو اور فارسی کے علاوہ انگریزی میں بھی اعلیٰ لیاقت حاصل کی۔ بعد میں انڈین نیشنل کانگریس میں شامل ہوگئے۔ کچھ مدت تک جواہر لعل نہرو کے ساتھ کام کیا۔ جیل بھی گئے۔انگریزی میں ایم۔ اے کرنے کے بعد الہ آباد یونیورسٹی میں انگریزی کے استاد ہوگئے۔

3مارچ 1982کو انہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا۔فراق گورکھپوری کے کلام کے کئی مجموعے شائع ہوئے۔ ان میں ”روح کائنات“ ،”رمز و کنایات“،”غزلستان“، ”شبنمستان“ اور”گل نغمہ“ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔

ان کے تنقیدی مضامین کا مجموعہ”اندازے“ اور ان کی کتاب”اردو کی عشقیہ شاعری“ بہت اہمیت رکھتی ہے۔ شاعری میں فراق کی غزل اور ان کی رباعی کاانداز سب سے الگ ہے۔ انہوں نے رباعی کی صنف کو ہندوستانی ثقافت کا ترجمان بنادیا۔انہیں گیان پیٹھ ایوارڈ اور پدم بھوشن سے بھی سرفراز کیا جا چکا ہے۔

رباعی کے چند اشعار ملاحظہ فرمائیں :۔

آ جا کہ کھڑی ہے شام پردا گھیرے
مدت ہوئی جب ہوئے تھے درشن تیرے
مغرب سے سنہری گرد اٹھی سوئے قاف
سورج نے اگنی رتھ کے گھوڑے پھیرے

٭٭٭٭

افسردہ فضا پہ جیسے چھایا ہو ہراس
دنیا کو کوئی ہوا بھی آتی نہیں راس
ڈوبی جاتی ہو جیسے نبض کونین
جس بات پہ حسن آج اتنا ہے اداس

٭٭٭٭

افلاک پہ جب پرچم شب لہرایا
ساقی نے بھرا ساغر مہ چھلکایا
کچھ سوچ کے کچھ دیر تا¿مل کر کے
اس نے بھی ذرا پردئہ رخ سرکایا

٭٭٭٭

امرت وہ ہلاہل کو بنا دیتی ہے
غصے کی نظر پھول کھلا دیتی ہے
ماں لاڈلی اولاد کو جیسے تاڑے
کس پیار سے پریمی کو سزا دیتی ہے

٭٭٭٭

آنکھوں میں وہ رس جو پتی پتی دھو جائے
زلفوں کے فسوں سے مار سنبل سو جائے
جس وقت تو سیر گلستاں کرتا ہو
ہر پھول کا رنگ اور گہرا ہو جائے

Read all Latest literature news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from literature and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Birth anniversary special on poet firaq gorakhpuri in Urdu | In Category: ادبیات Literature Urdu News

Leave a Reply