کشمیر اور لداخ میں شدید سردی، لیہہ میں درجہ حرارت منفی 14 ڈگری ریکارڈ

سری نگر:وادی کشمیر اور خطہ لداخ میں شدید سردی کا قہر بدستور جاری ہے جہاں 40 دنوں پر محیط شدید ترین سردی کا پہلا مرحلہ ’چلہ کلان‘ بدھ کو شروع ہوگا۔ تاہم وادی میں ’چلہ کلان‘ شروع ہونے سے ایک دن قبل یعنی پیر کو دن بھر مطلع صاف رہا اور اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی۔ تاہم یخ بستہ ہوائیں بھی چلتی رہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اہلیان وادی کو فوری طور پر جاری خشک موسم سے راحت ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ جموں وکشمیر میں اگلے تین دنوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بارش اور برف باری کا سبب بننے والی مغربی ہواؤں کی غیرموجودگی میں آنے والے دنوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراؤٹ آسکتی ہے۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر میں پیر اور منگل کی درمیان شب موسم سرما میں اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 5 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا ۔سری نگر میں اس سے قبل 17 دسمبر کو سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اعشاریہ 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔
تاہم رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کئے جانے کے بعدسری نگر میں منگل کی صبح اچھی خاصی دھوپ کھل گئی۔ تاہم دھوپ کے ساتھ ساتھ یخ بستہ ہوائیں بھی دن بھر چلتی رہیں۔ سری نگر میں واقع بیشتر آبی ذخائر بشمول شہرہ آفاق ڈل جھیل منگل کی صبح جزوی طور پر منجمد پائے گئے۔ تاہم دن آگے بڑھنے کے ساتھ جمی ہوئی پانی کی پرت پگھل گئی۔ سری نگر اور وادی کے دوسرے اضلاع میں منفی درجہ حرارت کے باعث پانی کی سپلائی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہے۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ ایک بار پھر سری نگر سے گرم ثابت ہوئی جہاں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گلمرگ کے میدانی حصوں کو اس موسم سرما کی پہلی برف باری کا انتظار ہے۔ جنوبی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام پہل گام میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ درج کی گئی ہے۔ پہل گام میں گذشتہ روز کے منفی 5 اعشاریہ 3 ڈگری کے مقابلے میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔تاہم پہل گام میں رواں موسم کی سرد ترین رات 17 دسمبر کو ریکارڈ کی گئی تھی جب وہاں کم سے کم درجہ حرارت 7 اعشاریہ 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گیٹ وے آف کشمیر کہلائے جانے والے قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Water bodies freeze in kashmir as cold weather persists in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply