کشمیر میں سیاسی انتقام کے طور پراندھا دھند گرفتاریاں کی جارہی ہیں : نیشنل کانفرنس

سری نگر: نیشنل کانفرنس نے الزام عائد کیا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں سیاسی انتقام کارروائی کی بنیاد پر گرفتاریاں، چھاپہ مار کارروائیاں اور فرضی کیسوں کا اطلاق عمل میں لایا جارہا ہے۔
پارٹی کے سینئر نائب صدر چودھری محمد رمضان نے اس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط اتحاد نے لوگوں کے خلاف براہ راست اعلان جنگ کر رکھاہے۔ انہوں نے کہاکہ فرضی کیسوں کا اطلاق ،اندھا دھند گرفتاریوں اور لوگوں کا زد و کوب کرنے کا سلسلہ ہر دن گزرنے کے ساتھ وسیع ہوتا جارہاہے۔ گرفتاریاں سی آئی ڈی اور پولیس رپورٹوں کے مطابق نہیں بلکہ برسراقتدار سیاسی جماعت کے کہنے پر عمل میں لائی جارہی ہیں، جو قابل مذمت اور سیاسی انتقام گیری کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ چند ایسے نوجوانوں کے خلاف بھی کیس درج کرکے والدین کو تنگ طلب کررہے ہیں جو گذشتہ 2برسوں سے بیرونِ ملک زیر تعلیم اور کام کررہے ہیں۔
دریں اثنا پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے بالائی سری نگر کے برزلہ میں فورسز کی طرف سے شبانہ کریک ڈاؤن کے دوران بے تحاشہ طاقت کے استعمال ، گاڑیوں،رہائشی مکانوں اور مال و جائیداد کی توڑ پھوڑ کرنے کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلند بانگ دعوے کرنے والی پی ڈی پی نے فورسز کو عوام کا زد و کوب کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔
ناصر اسلم وانی نے کہا کہ الیکشن سے قبل بلند بانگ دعوے کرنے والی پی ڈی پی حکومت میں آنے کے بعد یہاں کے عوام کے لئے ایک عذاب بن کر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے مخلوط سرکار کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن اور عوام کش پالیسیوں سے گریز کیا جائے نہیں تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Unrest and arrests in kashmir valley in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply