کارگل میں بارودی سرنگ کی زد میں آکر دو فوجی ہلاک

کارگل میں بارودی سرنگ کی زد میں آکر دو فوجی ہلاک
سرینگر:جموں و کشمیر میں لداخ علاقے کے کارگل میں کنٹرول لائن کی سرحدی بارودی سرنگ میں دھماکہ ہوجانے سے دو جوان شہید ہو گئے ہیں۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے اتوار کی شام میں یہاں بتایا کہ 29 جولائی کو کارگل سیکٹر میں کنٹرول لائن کے نزدیک گشت کے دوران بارودی سرنگ میں دھماکہ ہوجانے سے صوبیدار باسپا پاٹل اور سپاہی حسن ساب خداوند شہید ہو گئے۔
شہید جوانوں کو آج لیہہ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ان کے جسد خاکی کو ان کے آبائی مقام پر لے جایا جائے گا، جہاں فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ صوبیدار باسپا پاٹل کرناٹک کے بیلگام ضلع کے کھانجاون گاؤں کے باشندہ تھے۔ ان کے کنبہ میں بیوی شکنتلا، بیٹی کیرتی اور بیٹا پرکاش ہے۔
کرناٹک کے دھارواڑ ضلع کے سیداپور گاؤں کے سپاہی حسن ساب کے کنبہ میں ماں زینت بی خداوند، والد امام صاحب خداوند، چھوٹی بہن پراوینوانو اور چھوٹا بھائی مابوساب ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فوج کو جوانوں کے حوصلے اور شجاعت پر فخر ہے اور دکھ کی اس گھڑی میںفوج ان کے کنبہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔