کشمیر کے شوپیان کے ایک باغ میں جموں کے 2 نوجوانوں کی لاشیں ملیں

سری نگر:جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان سے منگل کی صبح جموں کے پہاڑی ضلع راجوری سے تعلق رکھنے والے دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ اس سے محض ایک روز قبل جنوبی ضلع کولگام سے راجوری کے ایک نوجوان کی لاش برآمد کی گئی۔ تینوں نوجوانوں کے جسموں پر تشدد کے کوئی نشان نہیں پائے گئے۔ ضلع راجوری کے تین نوجوانوں کی جنوبی کشمیر میں پراسرار اموت کی وجہ سے جنوبی کشمیر کے مختلف حصوں بالخصوص ضلع شوپیان میں بے چینی کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ جموں خطہ کا ضلع راجوری جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کے بہت قریب ہے اور دونوں اضلاع کو تاریخی مغل روڑ ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ ضلع شوپیان کے پالپورہ نرواؤ میں منگل کی صبح اس وقت خوف و ہراس کی لہر پھیل گئی جب مقامی لوگوں نے ایک میوہ باغ میں دو نوجوانوں کی لاشیں پڑی ہوئی دیکھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کی ایک پارٹی نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
مہلوکین کی شناخت 17 سالہ عمر سہیل ولد عاصف اقبال اور 20 سالہ محمد اختر ولد عبدالرزاق ساکنان راجوری کے بطور کی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوری طور پر ان نوجوانوں کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، تاہم پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ جموں وکشمیر پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’پالپورہ شوپیان کے نذدیک دو لاشیں ملی ہیں۔ جسموں پر تشدد کا کوئی نشان نہیں ہے۔ دونوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔
پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ جائے مقام سے سرینج، چمچ اور پاؤڈر برآمد ہوا ہے‘۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ محض ایک روز قبل پیر کو ضلع کولگام کے کھارگنڈ قاضی گنڈ سے ضلع راجوری کے رہنے والے ایک نوجوان کی لاش برآمد کی گئی۔ پولیس نے اس مہلوک نوجوان کی شناخت تھانہ منڈی راجوری کے رہنے والے امجد سامیال ولد شبیر سامیال کے بطور کی تھی۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Two rajouri resident bodies found in shopian orchards in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News
Tags: ,

Leave a Reply