چار روز معطل رہنے کے بعد کشمیر میں ریل خدمات بحال

سری نگر: وادی کشمیر میں چار دنوں تک معطل رہنے والی ریل خدمات جمعرات کی صبح بحال کردی گئیں۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’وسطی کشمیر کے بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر ریل خدمات آج صبح چار دنوں کی معطلی کے بعد بحال کردی گئیں‘۔ بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان چلنے والی ریل خدمات 30 جولائی کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ٹہاب میں ایک مسلح تصادم کے دوران دو انتہاپسندوں کی ہلاکت کے بعد بھڑک اٹھنے والے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر معطل کی گئی تھیں۔
ریلوے حکام کے مطابق یکم اگست کو ضلع پلوامہ میں لشکر طیبہ چیف کمانڈر ابو دوجانہ سمیت دو انتہاپسندوں کی ہلاکت کے بعد اس میں 2 اگست تک توسیع کر دی گئی۔ وادی میں گذشتہ پانچ ہفتوں کے دوران ریل خدمات کو سیکورٹی وجوہات کی بنا پر پانچ دفعہ معطل کیا گیا۔ جون کے مہینے میں ریل خدمات کو سیکورٹی وجوہات کی بنا پر کم از کم چار مرتبہ معطل کیا گیا تھا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں تشدد کے واقعات کے دوران وادی میں ریلوے املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا گیا۔ وادی میں گذشتہ برس جولائی میں حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد شدید احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر ریل خدمات کو کم از کم چار مہینوں تک معطل رکھا گیا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Train service resumes in kashmir valley in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply