مسلح تصادم میںلشکر طیبہ کے کمانڈرایوب للہاری کی ہلاکت کے خلاف کشمیر کے پلوامہ میں ہڑتال

سری نگر: (یو ا ین آئی) لشکر طیبہ کے ضلع کمانڈر ایوب للہاری کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک مختصر مسلح تصادم میں ہلاکت کے خلاف جمعرات کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے مختلف حصوں میں مکمل ہڑتال سے معمول کی زندگی بری طرح سے متاثر رہی۔ ضلع پلوامہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایوب للہاری کو جمعرات کی صبح اپنے آبائی گاؤں للہار کاکہ پورہ میں ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں سپرد خاک کیا گیا۔
اس موقع پر شرکائے جنازہ نے کشمیر کی آزادی کے حق میں شدید نعرہ بازی بھی کی۔ سول و پولیس انتظامیہ نے ایوب للہاری کی ہلاکت کے خلاف جنوبی کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر وسطی کشمیر کے بڈگام اور جموں خطہ کے بانہال کے درمیان براستہ جنوبی کشمیر چلنے والی تمام ٹرینیں منسوخ کرائی ہیں۔
جنوبی کشمیر میں ریل خدمات 16 اگست کو چار دنوں کی معطلی کے بعد بحال کی گئی تھیں۔ شمالی ریلوے کے چیف کنٹرولر نے یو این آئی کو بتایا احتیاطی تدابیر کے طور پر جمعرات کو بڈگام اور بانہال کے درمیان چلنے والی تمام ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرینوں کی منسوخی کا اقدام سول و پولیس انتظامیہ کی جانب سے موصولہ ایڈوائزری پر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات جمعرات کو مسلسل دوسرے دن بھی منقطع رکھی گئیں۔
ضلع میں یہ خدمات بدھ کی صبح قریب پانچ دنوں کی معطلی کے بعد بحال کی گئی تھیں۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ اگرچہ ضلع پلوامہ کے کسی بھی علاقہ میں کوئی پابندیاں نافذ نہیں کی گئی ہیں، تاہم امن وامان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کے لئے ضلع کے کچھ حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ تاہم اس دعوے کے برخلاف سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس نے مبینہ طور پر جنگجو کمانڈر کے آبائی گاؤں للہار کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو خاردار تاروں سے سیل کردیا ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Train service again suspended in kashmir for security reasons in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply