جموں کے ضلع ڈوڈہ میں زبردست بارش سے ایک مکان کی چھت بیٹھ گئی، کنبے کے 3 افراد ہلاک

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں زبردست بارش کے نتیجے میں ایک مٹی سے بنے مکان کی چھت اچانک زمین بوس ہونے سے ایک ہی کنبے کے تین افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں ایک تین سالہ بچی عالیہ بانو بھی شامل ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ رہائشی مکان کی چھت کے زمین بوس ہونے کا یہ واقعہ ضلع ڈوڈہ کے گنڈو علاقہ کے ایک دودراز گاؤں تانتا میں پیش آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں گذشتہ تین دنوں سے لگاتار ہورہی بارش کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے واقعہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ’ضلع ڈوڈہ میں گذشتہ تین دنوں کے دوران زبردست بارش ہوئی۔
جمعہ کی صبح پولیس چوکی تانتا سے اطلاع موصول ہوئی کہ ضلع ہیڈکوارٹر سے 45 کلو میٹر کی دوری پر واقع تانتا نامی گاؤں میں بارش کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان کی چھت گرگئی ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ مٹی سے بنے اس مکان کی چھت زمین بوس ہونے کے سبب 26 سالہ محمد عباس ولد عبدالرشید وانی، اِن کی بیوی 25 سالہ تسلیمہ بیگم اور 3 سالہ کمسن بیٹی عالیہ بانو ملبے تلے دب گئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مکان کی چھت گرنے کا واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو اس وقت پیش آیا جب کنبے کے سبھی اراکین گہری نیند سو رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی صبح مقامی لوگوں اور پولیس نے بچاؤ مہم کے دوران کنبے کے سبھی تین اراکین کی لاشیں برآمد کیں۔ ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ کے سبب تانتا کے اہلیان میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Three of a family killed in doda house collapse in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply