کشمیر میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے چھاپے جاری

سری نگر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں جموں وکشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں چھاپہ مار کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو ایک مقامی کاروباری شخص کی رہائش گاہ اور ان کی جانب سے چلائی جارہی ٹورر اینڈ ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کر وہاں موجود دستاویزات کی جانچ پڑتال کی۔ اس سے قبل ای ڈی نے 6 اگست کو ایک چھاپہ مار کاروائی کے دوران سری نگر میں محمد اسلم وانی نامی شخص کو اپنی حراست میں لیا۔
اسلم وانی کو فوری طور پر نئی دہلی منتقل کیا گیا تھا جہاں ایک عدالت نے انہیں 14 اگست تک ریمانڈ پر ای ڈی کے حوالے کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم نے جمعرات کو یہاں مقامی کرائم برانچ کے اہلکاروں کے ہمراہ کاروباری شخص عاشق احمد شیخ کی رہائش گاہ اور کاروباری دفتر پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ انہوں نے بتایا ’ای ڈی اور مقامی کرائم برانچ کے اہلکاروں نے عاشق احمد کی بالائی شہر احمد نگر میں واقع رہائش گاہ اور سیول لائنز میں مولانا آزاد روڑ پر واقع الخدام ٹورر اینڈ ٹریول دفتر پر چھاپہ مارا‘۔

Title: terror funding ed raids in srinagar in hawala case | In Category: کشمیر  ( kashmir )

Leave a Reply